پاکستان نے 25ویں اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر یہ ہدف با آسانی مکمل کر لیا۔
تین میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز جیت لی ہے۔
آج فیصل آباد میں کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 144 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان نے 25ویں اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر یہ ہدف با آسانی مکمل کر لیا۔
اقبال سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا تاہم یہ فیصلہ ان کے حق میں زیادہ فائدہ مند نہیں رہا اور جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 37ویں اوور میں 143 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 70 گیندوں پر 77 رنز بنائے اور فورٹوئن کی گیند پر فریرا نے ان کا کیچ لیا۔
محمد رضوان 32 اور سلمان آغا پانچ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے برگر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک نے 53 اور یوہان ڈی پریٹوریس نے 39 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ پیٹر اور میتھیو نے 16، 16رنز بنائے۔
پاکستانی سپنر ابرار احمد نے فیصل آباد کی سست پچ پر شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے چار کھلاڑی آوٹ کیے۔
ابرار ہیٹ ٹرک تو کروا سکے تاہم انھوں نے اپنے آخری اوور میں بریٹزکے کو کیچ آؤٹ کروا کر جنوبی افریقہ کی اننگز کے اختتام کو مزید قریب کر دیا۔
جنوبی افریقہ کے بعد میں آنے والے بلے بازوں نے مزاحمت کی کوشش کی تاہم شاہین آفریدی نے 38ویں اوور میں لگاتار دو گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کر کے اننگز سمیٹ دی۔
سلمان آغا، شاہین آفریدی اور محمد نواز نےدو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
’مضبوط اوپننگ پارٹنرشپ کے باوجود پاکستانی بولر گھبرائے نہیں‘
سوشل میڈیا پر بیشتر صارفین پاکستانی بولنگ کی تعریف کرتے نظر آ رہے ہیں۔
کرکٹ تجزیہ کار عاطف نواز نے پاکستانی بولروں کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ’پاکستان نے جنوبی افریقہ کو صرف 143 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ آج بولرز نے شاندار کارکردگی دکھائی۔‘
’چند روز پہلے کے مقابلے میں بالکل نیا جوش و جذبہ نظر آیا۔ وہی عزم اور توانائی جو جیت کے لیے ضروری تھی۔ شاندار۔‘
ایک اور ٹویٹ میں انھوں نے لکھا کہ آج پاکستان کے بولنگ کے انداز میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔ جنوبی افریقہ کی مضبوط اوپننگ پارٹنرشپ کے باوجود بولرز گھبرائے نہیں۔ پریشر کے لمحات بنائے رکھے اور حوصلہ افزا کارکردگی دکھائی۔
عبداللہ نامی صارف نے لکھا ’کیا شاندار بولنگ ہے! چلیں اب یہ میچ بھی جیت لیں۔‘
’صائم ایوب ون ڈے میں کمال کے کھلاڑی ثابت ہو رہے ہیں‘
بیشتر صارفین پاکستانی بلے باز صائم ایوب کی اننگز کی تعریف بھی کرتے نظر آ رہے ہیں۔
ہارون نامی صارف نے لکھا کہ ’صائم ایوب ون ڈے میں کمال کے کھلاڑی ثابت ہو رہے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’شاید بہت سے لوگ یہ نہیں سمجھتے کہ چیمپیئنز ٹرافی میں ان کی غیر موجودگی ہمارے لیے کتنا بڑا نقصان تھی۔ بدقسمتی سے وہ اس ٹورنامنٹ سے محروم رہے، مگر اب 2027 ورلڈ کپ میں انھیں ایکشن میں دیکھنے کا بے حد انتظار ہے۔‘
سابق پاکستانی کرکٹر راشد لطیف نے پاکستان کرکٹ ٹیم اور کپتان شاہین آفریدی کو جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے ایکس پر لکھا ’ابرار احمد نے دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن فرق پیدا کیا۔‘
انھوں نے لکھا کہ ’ابرار کو مستقل طور پر پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔ صائم ایوب اس وقت تینوں فارمیٹس کھیلنے کے قابل ہیں اور ون ڈے میں ان کی کارکردگی عالمی معیار کی ہے۔‘