کوئٹہ: پی ٹی آئی جلسے سے قبل موبائل انٹرنیٹ سروس معطل، سیکیورٹی ہائی الرٹ

image

کوئٹہ سیکریٹریٹ چوک اور ریڈ زون کے قریب ہاکی گراؤنڈ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آج منعقد ہونے والے مجوزہ جلسے سے قبل شہر بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے گئے ہیں، جبکہ موبائل انٹرنیٹ سروس ایک بار پھر معطل کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے تحت پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد ہے۔

انتظامیہ کی ہدایت پر طور ناصر پھاٹک، کوئلہ پھاٹک، سریاب روڈ، ریڈ زون اور نواب بگٹی اسٹیڈیم کے اطراف میں راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔ سول سیکریٹریٹ اور ریڈ زون جانے والے تمام راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات ہے۔ اس دوران شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر موبائل انٹرنیٹ سروس کی بندش سے شہریوں، طلبا اور کاروباری طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ طلبا کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ بندش کے باعث آن لائن کلاسز اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ دکانداروں نے ڈیجیٹل لین دین میں مشکلات کی شکایت کی ہے۔

دوسری جانب غیر متوقع راستوں کی بندش سے سیکریٹریٹ آنے والے سائلین ملازمین اور عام شہریوں کو شہر کی طرف آنے اور سول اسپتال جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر میں ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US