ڈاکٹر نبیحہ علی خان ایک ماہرِ نفسیات ہیں جنہوں نے اس وقت شہرت حاصل کی جب وہ مختلف مارننگ شوز اور پوڈکاسٹس میں شرکت کرنے لگیں۔ ان کے مردوں کے حق میں دیے گئے بیانات نے انہیں سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا۔ وہ اکثر کہتی نظر آئیں کہ مردوں کو عزت اور محبت دی جانی چاہیے، اور ان کے یہی خیالات عوام میں بحث کا موضوع بنے۔ ڈاکٹر نبیہ ایک طویل عرصے تک بیوہ رہیں، تاہم اب انہوں نے اپنی زندگی کا نیا باب شروع کیا ہے اور دوسری شادی کر لی ہے۔
ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے اپنے قریبی دوست حارث کھوکھر سے نکاح کیا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ جلد ایک ایسے شخص سے شادی کرنے والی ہیں جو نہایت خوبصورت ہے اور بالکل ترک اداکاروں جیسا دکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ انہیں گزشتہ چھ سال سے جانتی ہیں اور اب یہ دوستی ایک خوبصورت رشتے میں بدل گئی ہے۔ دونوں کا نکاح مولانا طارق جمیل کی رہائش گاہ پر ہوا۔
ڈاکٹر نبیحہ علی خان کے شوہر حارث کھوکھر بھی میڈیا سے وابستہ ہیں۔ وہ ایک صحافی اور نیوز اینالسٹ ہیں اور اپنے تجزیے فیس بک پیج پر شیئر کرتے ہیں۔ وہ نیشنل پوائنٹ اور وائس آف پنجاب کے سی ای او ہیں، جبکہ ینگ میڈیا ایسوسی ایشن کے بھی رکن ہیں۔ ڈاکٹر نبیحہ علی خان بھی اسی ایسوسی ایشن کا حصہ ہیں، اور دونوں کی پہلی ملاقات بھی اسی پلیٹ فارم پر ہوئی تھی۔
ڈاکٹر نبیحہ اور حارث کھوکھر دونوں مختلف سماجی اور عوامی مسائل پر آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ ان کی سوچ اور نظریات میں ہم آہنگی نے ہی انہیں ایک دوسرے کے قریب کیا۔
دونوں کا نکاح تو ہو چکا ہے لیکن ان کے قریبی ذرائع کے مطابق جلد ہی باقاعدہ شادی کی تقریبات، جن میں مہندی، بارات اور ولیمہ شامل ہوں گے، منعقد کی جائیں گی۔ شادی کے بعد ہی ایک انٹرویو میں شرکت کرتے ہوئے جوڑے نے بتایا کہ ان کا ولیمہ 15 دن بعد ہوگا۔ یہ جوڑا اس وقت سوشل میڈیا پر خبروں اور تبصروں کا مرکز بنا ہوا ہے۔