انسانوں جیسے چہرے، حرکات اور گفتگو، چین کی جدید ایجاد

image

چینی ٹیکنالوجی کمپنی یو بی ٹیک نے دنیا کے پہلے مکمل سائز کے، بڑے پیمانے پر تیار کیے جانے والے الٹرا بایونک ہیومنائیڈ روبوٹس متعارف کرا دیے جو جدید مصنوعی ذہانت سے لیس ہیں اور انسانوں کی طرح بات چیت، جذبات کو سمجھنے اور روزمرہ کے مختلف کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق "یو ورلڈ یو ون"سیریز کے مرد اور خاتون طرز کے اینڈرائیڈ روبوٹس نہ صرف ظاہری طور پر انسانوں سے مشابہ ہیں بلکہ ان میں بایومی میٹک جلد، جدید گردن کا نظام اور ایسا ڈیزائن شامل کیا گیا ہے جو انہیں انسانی بنیادی حرکات کا تقریباً 90 فیصد تک نقل کرنے کے قابل بناتا ہے۔

یو بی ٹیک کا کہنا ہے کہ روبوٹس کا چہرے کے تاثرات اور ہونٹوں کی حرکت کا نظام گفتگو کے ساتھ 20 ملی سیکنڈ سے بھی کم وقت میں ہم آہنگ ہو جاتا ہے جبکہ انہیں دنیا کے پہلے ایموشن اویئر لارج لینگویج ماڈل سے بھی لیس کیا گیا ہے جو 20 سے زائد جذباتی کیفیت کو 90 فیصد سے زیادہ درستگی کے ساتھ پہچان سکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ روبوٹس گھریلو معاونت، بزرگوں کی دیکھ بھال، جذباتی معاونت، مہمان نوازی، استقبالیہ خدمات، سیاحت، تعلیم، تحقیق اور اعلیٰ معیار کی ہوم سروسز سمیت مختلف شعبوں میں استعمال کیے جا سکیں گے۔

یو بی ٹیک کا کہنا ہے کہ روبوٹس کی رونمائی کے بعد اب تک 10 ہزار سے زائد آرڈرز موصول ہو چکے ہیں۔ ان کی قیمت 17 ہزار سے 145 ہزار امریکی ڈالر کے درمیان رکھی گئی ہے، جبکہ پہلی کھیپ کی فراہمی ستمبر کے وسط سے شروع ہونے کی توقع ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US