پاس ورڈ مینیجر ایپلی کیشن ایم سیکیور (mSecure) نے مشکوک سرگرمیوں کا سراغ ملنے کے بعد اپنے صارفین کو سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا اور فوری طور پر تمام پاس ورڈز تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکی کمپنی ایم سیون سافٹ ویئر نے 3 نومبر کو صارفین کو ارسال کردہ ای میل میں بتایا کہ اسے اپنی پاس ورڈ مینجمنٹ ایپلی کیشن سے متعلق بعض مشکوک سرگرمیوں کا علم ہوا ہے، جس کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
کمپنی کے مطابق ممکنہ سیکیورٹی خطرے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ تحقیقات اور واقعے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے بیرونی سائبر سیکیورٹی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔
کمپنی نے تاحال یہ تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ مشکوک سرگرمی کب اور کس نوعیت کی تھی، آیا کسی غیر متعلقہ شخص نے صارفین کے اکاؤنٹس، ذاتی معلومات یا محفوظ شدہ پاس ورڈز تک رسائی حاصل کی یا نہیں۔
ایم سیکیور نے صارفین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام محفوظ شدہ پاس ورڈز تبدیل کرنے، ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن کو دوبارہ ترتیب دینے اور ضرورت پڑنے پر پہلے سے رجسٹرڈ پاس کیز ختم کرکے نئی پاس کیز بنانے کا مشورہ دیا ہے۔
کمپنی نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ڈیجیٹل اکاؤنٹس اور محفوظ معلومات کے تحفظ کے لیے فوری طور پر تجویز کردہ سیکیورٹی اقدامات مکمل کریں۔