پاکستانی ریسرچر ڈاکٹر مبشر سلیم نے کم لاگت پر سیوریج کے پانی کو صاف کرنے والا جدید سولر پلازما واٹر ٹریٹمنٹ سسٹم تیار کرلیا، جس کا مقصد آلودہ پانی کو قابلِ استعمال بنانا ہے۔
ڈاکٹر مبشر سلیم، جو اٹلی کی ایک یونیورسٹی سے وابستہ ہیں، نے پاکستان آکر اس ٹیکنالوجی پر کام کیا۔ ان کے مطابق سسٹم کی آزمائش این ای ڈی یونیورسٹی میں کی گئی، جہاں سیوریج کے پانی کو بغیر کسی اضافی کیمیکل کے صاف کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ اس نظام میں ہائی وولٹیج کے ذریعے پلازما پیدا کیا جاتا ہے، جو پانی میں موجود خطرناک جراثیم، کیمیائی آلودگی اور دیگر مضر عناصر کو مؤثر انداز میں ختم کرتا ہے۔
ڈاکٹر مبشر سلیم کے مطابق اس ٹیکنالوجی کو سولر پینلز اور ونڈ انرجی کے ذریعے بھی چلایا جاسکتا ہے، جس سے بجلی کے اخراجات نہایت کم ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سولر پلازما واٹر ٹریٹمنٹ سسٹم کو گھریلو سطح سے لے کر صنعتی پیمانے تک مختلف ضروریات کے مطابق نصب کیا جاسکتا ہے، جو پانی کی قلت اور آلودگی جیسے مسائل سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔