27 اکتوبر یومِ سیاہ، بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد آزادی جاری رہے گی، صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر

image

صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے 27 اکتوبر یومِ سیاہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغامات میں کہا ہے کہ یہ دن ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، جب 27 اکتوبر 1947ء کو بھارت نے اپنی فوجیں اتار کر مقبوضہ جموں و کشمیر پر قبضہ کیا۔ انہوں نے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام آج بھی اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔

صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے کہا کہ اہلیانِ جموں و کشمیر اور پاکستانی قوم ہر سال 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ کے طور پر مناتے ہیں تاکہ بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام کو مختلف پابندیوں اور مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ علاقے میں 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی تعیناتی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات تشویش ناک ہیں۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت کے اقدامات کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے مطالبے کو دبانے میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

ڈاکٹر محمد نجیب خان نے اقوامِ متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں، کشمیری عوام کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کریں اور انہیں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔

دریں اثنا وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارتی فوج نے ریاست میں داخل ہوکر قبضے کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارتی مظالم اور سخت ترین حالات کے باوجود اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھی ہوئی ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں، استقامت اور جذبۂ حریت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی بربریت بھی کشمیریوں کے دلوں سے آزادی کی شمع بجھا نہیں سکی۔ ان کے مطابق آزادی کا جذبہ نسل در نسل منتقل ہورہا ہے اور کشمیری عوام اپنے بنیادی حق کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔

افتخار گیلانی نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور انہیں اپنی منزل ضرور حاصل ہوگی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام اپنی خواہشات کے مطابق مستقبل کا فیصلہ کرسکیں گے اور پوری ریاست کے مسئلے کا حل کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی بنیاد پر ممکن ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US