جب مجھے پہلی بار کورونا کی علامات ظاہر ہوئیں تو مجھے ایسا لگا جیسے۔۔۔۔ پاکستان میں کورونا کا شکار ہونے والے مریض کی آپ بیتی

image

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے پہلے شخص یحیٰی جعفری نے بیماری سے صحتیاب ہونے کے بعد بات چیت کی۔

ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابقہ مریض یحیٰی جعفری نے کہا کہ 18 فروری کو مجھ میں کچھ علامات ظاہر ہونا شروع ہوئیں جس میں سر میں شدید درد، شدید کمزوری، کھانسی اور بخار شامل تھا۔ بعد ازاں جب میں 20 فروری کو پاکستان آیا تو ایئرپورٹ پر مجھ میں بخار یا وائرس کی کوئی علامات نہیں پائی گئیں جبکہ تھرمل گَن سے میرا درجہ حرارت چیک کیا گیا لیکن کلئیر پایا گیا جس کے بعد میں گھر چلا گیا۔

یحیٰی نے بتایا کہ میں نے اپنے خاندانی ڈاکٹر سے رجوع کیا اور انہوں نے مجھے مشورہ دیا کہ جلد خون کا ٹیسٹ کرالیں، میں نے ڈاؤ ہسپتال سے ٹیسٹ کرایا اور اس کی رپورٹ بھی بالکل درست آئی جس پر مجھے اطمینان ہوگیا اور یونیورسٹی جانا شروع کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ پانچ دن بعد 25 فروری کو جب میں یونیورسٹی میں تھا تو مجھ میں پھر سے وہی علامات سامنے آنا شروع ہوئیں لیکن ان کی شدت زیادہ نہیں تھی، میں دوبارہ ڈاؤ ہسپتال گیا لیکن وہاں بتایا گیا کہ ان کے پاس اب تک وائرس ٹیسٹ کرنے والے آلات اور دیگر سہولیات موجود نہیں پھر اگلے روز میں آغا خان ہسپتال گیا جہاں میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔

یحیٰی جعفری نے بتایا کہ جب پہلی بار علامات سامنے آئیں تو مجھے ایسے لگ رہا تھا کہ جیسے یہ میرے اختیار سے بالکل باہر ہے ، پاکستان میں جب دوبارہ علامات سامنے آئیں تو ان کی شدت کم تھی اور وہ کنٹرول تھیں۔

قرنطینہ میں گزارے گئے وقت کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ قرنطینہ میں ڈاکٹروں نے میرا علامات کے مطابق علاج کیا اور موثر نگرانی کی جارہی تھی، میرا مدافعتی نظام مضبوط تھا اس لئے وائرس نے میرے جگر کو متاثر نہیں کیا اس لئے مجھے نمونیا یا کوئی اور مسئلہ نہیں ہوا، مجھے 10 روز قرنطینہ میں رکھا گیا اور کوشش کی گئی کہ کھانے پینے کے ذریعے میرے مدافعتی نظام کو مزید مضبوط کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سرکاری افسران نے انہیں فون کر کے ان کے اہلخانہ، دوستوں اور ایران سے آنے کے بعد میرا مکمل ڈیٹا طلب کیا، اور اہلخانہ کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا لیکن ان سب کے ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے۔

یحیٰی جعفری نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے تمام افراد کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ حکومتی احکامات پر سنجیدگی سے عمل پیرا ہوں ، سماجی فاصلہ رکھیں، ہاتھ مسلسل دھوتے رہیں۔


About the Author:

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.