جکارتہ: انڈونیشیا جہاز حادثے میں ہلاک ہونے والے شخص کی اہلیہ کا انتہائی دُکھ بھرا پیغام سامنے آگیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشین طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافر نے ٹیک آف سے قبل ہی اپنی اہلیہ کو سیلفی فوٹو بھیجی تھی، ان کی شادی کو دو ہفتے ہی ہوئے تھے۔
دارالحکومت کے شمال میں واقع جزیرے پینکال پنانگ کے لیے بدقسمت پرواز سے قبل 22 سالہ نوجوان فرور یانو کو ماسک پہنے ہوئے تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے۔
مسافر کی اہلیہ لٹفینی نے بتایا کہ دو ہفتے قبل ہی ہماری شادی ہوئی تھی اور شوہر کروز جہاز پر کام کرنے کے لیے جارہے تھے۔
لٹفینی کے مطابق شوہر نے صبح سوا چھ بجے طیارے سے موبائل پر پیغام بھیجا اور اس کے بعد ان کے پیغامات آنا بند ہوگئے تھے۔
خاتون نے بتایا کہ جب میں نے یہ خبر دیکھی تو فلائٹ نمبر کو ٹکٹ کی تصویر کے ساتھ موازنہ کیا جو شوہر نے انہیں بھیجی تھی بعدازاں معلوم ہوا کہ شوہر اسی طیارے موجود تھے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ سے 10 بچوں سمیت 50 مسافروں اور 12 کریئو ممبران کو لے جانے والا مسافر طیارہ اڑان بھرنے کے بعد غائب ہوگیا تھا۔