سعودی حکومت نے پیر کے روز اپنے جاری ایک بیان میں کہا کہ صرف ان افراد کو
رمضان المبارک میں عمرے کی ادائیگی کا شرف حاصل ہوگا جو ان تین کیٹیگریز میں
شامل ہوں گے۔اور انہیں ہی کو کورونا وائرس سے محفوظ تصور کیا جائے گا۔جیساکہ وہ تمام افراد جو کرونا ویکسین کی دو خوراکوں کا کورس مکمل کر چکے ہوں، ایسے افراد جنہوں نے عمرہ ادا کرنے سے 14 روز قبل ہی ایک خوراک والی ویکسین کا کورس مکمل کیا ہو اور وہ افراد جو وبا سے صحت یاب ہو چکے ہوں، انہیں عمرہ کرنے کی اجازت ہو گی۔

مذکورہ تینوں کیٹیگریز سے تعلق رکھنے والے افراد کو عمرہ ادائیگی کے اجازت نامے اور مسجد الحرام میں عبادت کی اجازت دی جائے گی۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شرائط کا اطلاق مدینہ شہر میں مسجدِ نبوی میں داخل ہونے والوں پر بھی ہو گا۔یاد رہے کہ سعودی حکام نے گزشتہ برس اکتوبر میں کرونا پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے شہریوں کو لگ بھگ سات ماہ بعد مسجد الحرام میں عبادت اور جزوی طور پر عمرہ کی ادائیگی کی اجازت دی تھی۔اس کے علاوہ مزید یہ کہا گیا کہ کہ نئی عمرہ پالیسی کا اطلاق رمضان المبارک کے آغاز سے ہو گا۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ یہ پالیسی کب تک برقرار رہے گی۔