سی ٹی ڈی کے ہاتھوں فتنہ الہندوستان کے 9 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ، دستی بم برآمد

image

کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ خیبر پختونخوا اور پنجاب پولیس نے 3 الگ الگ کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیے۔

سی ٹی ڈی بنوں ریجن نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر کئی ہائی پروفائل حملوں میں ملوث دہشت گردوں کی نقل و حرکت کے حوالے سے انٹیلی جنس معلومات کے بعد مقامی پولیس کے ساتھ مل کر لکی بنوں روڈ پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق تھانہ سرائے نورنگ لکی مروت کے گاؤں حرامہ کے قریب بھٹانی نہر کچی سڑک پر 25 منٹ تک جاری رہنے والی دو طرفہ فائرنگ کے دوران تین دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت وسیم اللہ عرف عمر خطاب ولد سمیع اللہ، قدرت اللہ عرف ابو بکر ولد رحمت اللہ اور ہجرت اللہ عرف ہجرت ولد شاہ میرکے ناموں سے ہوئی جو گنڈی خان خیل، اور حرم تلہ، گمبیلا، ضلع لکی مروت کے رہائشی ہیں۔

مارے گئے دہشت گردوں کے قبضہ سے 3 کلاشنکوف، 4 دستی بم اور گولیاں برآمد کی گئیں جن کی فرانزک جانچ جاری ہے۔ تینوں دہشت گرد سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس کے متعدد اہلکاروں سمیت قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ اور براہ راست حملوں میں سرگرم بتائے جاتے ہیں۔

دریں اثناء سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس نے تونسہ اور بہاولپور میں مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 6 خارجی دہشت گرد ہلاک کر دیے۔

تونسہ شریف کے قریب سی ٹی ڈی کے ساتھ مل کر پنجاب پولیس نے تھانہ وہوا کی حدود جادے والی میں فتنہ الہندوستان کے 5 خارجی دہشتگرد وں کو ہلاک کردیا جبکہ 8 دہشت گردوں کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

بہاولپور میں بھی سی ٹی ڈی پنجاب اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کو ہلاک کردیا جبکہ اس کے 3 ساتھی فرار ہوگئے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے بڑی تعداد میں گولیاں اور دستی بم برآمد کرکے بڑا سانحہ ناکام بنا دیا گیا۔تمام واقعات کے مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔


About the Author:

تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts