سکاٹش نیشنل پارٹی کے پہلے مسلمان سربراہ: پاکستانی نژاد حمزہ یوسف کون ہیں؟

image

پاکستانی نژاد حمزہ یوسف کو سکاٹ لینڈ کی سکاٹش نیشنل پارٹی نے نکولا سٹورجین کی جگہ سیاسی جماعت کا سربراہ منتخب کیا ہے جس کے بعد ان کی سکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر بننے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حمزہ یوسف نے پارٹی الیکشن میں اپنے حریفوں کیٹ فوربز اور اش ریگن کو ہرایا ہے جس کے بعد جماعت کے اندر پائی جانے والی تقسیم واضح ہو گئی ہے۔

37 سالہ حمزہ یوسف پہلے مسلمان ہیں جو برطانیہ ایک بڑی سیاسی جماعت کی قیادت کریں گے۔ وہ اس وقت سکاٹ لینڈ کے وزیر صحت ہیں اور انہیں نکولا سٹورجین کا پسندیدہ جانشین سمجھا جاتا ہے، تاہم انہوں نے اس مقابلے میں کسی امیدوار کی کھل کر حمایت نہیں کی تھی۔

حمزہ یوسف نے 52  فیصد جبکہ کیٹ فوربز نے 48 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ حمزہ یوسف کو 26 ہزار 32 اور کیٹ فوربز کو 23 ہزار 890 ووٹ ملے۔

منگل کو سکاٹ لینڈ کی پارلیمنٹ میں فرسٹ منسٹر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہو گی جس میں حمزہ یوسف کی سکاٹ لینڈ کے چھٹے فرسٹ منسٹر کے طور پر جیت یقینی بتائی جا رہی ہے۔

منگل کو اگر ان کا انتخاب ہو جاتا ہے تو وہ پہلے مسلمان فرسٹ منسٹر کے طور پر تاریخ رقم کریں گے۔

حمزہ یوسف کے والد مظفر یوسف کا تعلق پاکستان کے شہر میاں چنوں سے تھا اور وہ 1960 میں سکاٹ لینڈ منتقل ہوئے، جبکہ ان کی والدہ کینیا میں ایک جنوب ایشیائی فیملی میں پیدا ہوئیں۔ حمزہ یوسف کا دوسری بیوی سے ایک بچہ ہے اور ایک سوتیلی بیٹی بھی ہے۔

حمزہ یوسف گلاسگو میں پیدا ہوئے اور یونیورسٹی آف گلاسگو سے سیاسیات کی ڈگری حاصل کی۔ 2011 میں سکاٹش پارلیمنٹ کا رکن منتخب ہونے سے قبل وہ سکاٹش پارلیمنٹ کے ایک ممبر کے مشیر رہے۔

2012 میں حمزہ یوسف کی جونیئر منسٹر کے طور پر تعیناتی ہوئی اور اس وقت کم عمر ترین منسٹر اور سکاٹش پارلیمنٹ میں پہلے اقلیتی رکن تھے۔ انہوں نے 2018 میں سیکریٹری فار جسٹس کے طور پر کابینہ میں شمولیت حاصل کی اور 2021 میں وزیر صحت بنے۔

وزیر صحت کے طور پر حمزہ یوسف کو تنقید کا سامنا بھی رہا۔ گزشتہ ماہ آڈٹ سکاٹ لینڈ نے کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کو غیر معمولی چیلنجز کا سامنا ہے اور سکاٹش حکومت کو اس بارے میں مزید شفافیت دکھانے کی ضرورت ہے۔


News Source   News Source Text

عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts