انڈیا: مندر کا فرش ٹوٹنے سے زائرین کنویں میں گر گئے، 35 افراد ہلاک

image
انڈیا میں مذہبی تقریب کے دوران مندر کا فرش اچانک ٹوٹنے اور متعدد زائرین کے کنویں میں گرنے سے 35 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق واقعہ جمعرات کو ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے شری بالیشور مہادیو مندر میں اس وقت پیش آیا جب وہاں کافی تعداد میں زائرین جمع تھے۔

مندر میں ایک کنویں پر لینٹر ڈال کر فرش بنایا گیا تھا جو زیادہ دباؤ کی وجہ سے زمین میں دھنس گیا۔

اندور کے ضلعی مجسٹریٹ نے اے ایف پی کو بتایا کہ 35 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایک شخص کی تلاش جاری ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقامی انتظامیہ ریسکیو اور ریلیف کا کام تیزی سے مکمل کر رہی ہے۔

وزیراعظم کے دفتر نے متاثرین کے لیے دو لاکھ روپے کی امدادی رقم کا اعلان کیا۔ 

ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جا رہا ہے۔

انڈیا میں مذہبی تقریبات کے دوران حادثات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں اور رواں برس 23 جنوری کو ریاست تامل ناڈو کے دروپتی مندر میں تقریب کے دوران کرین زائرین کے اوپر گرنے سے چار افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ رانی پت کے علاقے میں واقع دروپتی مندر میں پیش آیا۔

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ کرین کے ذریعے مورتیاں لے جائی جا رہی تھیں جبکہ اس وقت آٹھ افراد بھی کرین کے اگلے حصے پر سوار تھے۔

نیچے موجود زائرین کرین پر سوار افراد کو ہار پکڑا رہے تھے اور اس دوران ہی کئی فٹ اونچی کرین اپنا توازن کھو بیٹھی اور نیچے موجود زائرین کے اوپر گر گئی۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.