پولیس پوری رات کوشش کرتی رہی لیکن ۔۔ لوکیشن گھر کی تھی تو پرویز الٰہی ہاتھ کیوں نہ آئے ؟

image

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے گھر اینٹی کرپشن اور پولیس کا آپریشن ناکام، 8 گھنٹے کی تلاشی کے بعد ٹیمیں ناکام واپس لوٹ گئیں، گھر کی لوکیشن کے باوجود پرویز الٰہی ہاتھ نہ آئے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے واقعہ کی مذمت کردی۔

اینٹی کرپشن اور پولیس کا آپریشن تقریباً 8 گھنٹے تک جاری رہا جو صبح ساڑھے 5 بجے کے قریب ختم ہوا۔اینٹی کرپشن حکام کا کہنا تھا کہ موبائل فون کی لوکیشن سے پتہ چل رہا ہے کہ پرویز الٰہی اسی مقام پر موجود ہیں جبکہ ملازمین نے بھی پرویز الٰہی کی موجودگی کا اشارہ دیا تاہم سابق وزیراعلیٰ پولیس کے ہاتھ نہ آسکے۔ اس حوالے سے کچھ لوگوں کا کہنا تھاکہ پرویز الٰہی گھر سے کہیں چلے گئے ہیں جبکہ کچھ لوگوں کا دعویٰ تھا کہ پرویز الٰہی گھر میں ہی کہیں چھپے ہوے ہیں۔

اس سے قبل ایس پی ماڈل ٹاؤن عمارہ شیرازی نے خواتین پولیس اہلکاروں کے ساتھ پرویز الٰہی اور ان کے بیٹے راسخ الٰہی کے گھروں کی تلاشی لی۔

گزشتہ رات پولیس اہلکار دیواریں پھلانگ کر پرویز الٰہی کے گھر میں داخل ہوئے اور بکتر بند گاڑی سے گھر کا دروازہ توڑا گیاجبکہ پرویز الٰہی کے گھر سے ملازمین سمیت 27 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

پرویزالٰہی کے گھرپر رات گئے پولیس نے دھاوا بولا،بکتربند گاڑی مرکزی دروازہ توڑتی ہوئی رہائش گاہ میں داخل ہوئی، پولیس اہلکار دیواریں پھلانگ کر گھر میں کود گئے اور اندرونی داخلی دروازہ بھی توڑ ڈالا جبکہ کھڑکی کے شیشے بھی توڑ دیے۔

اس سے قبل پولیس حکام کا کہنا تھا کہ پولیس نے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی تو اندر سے مرکزی گیٹ کے نیچے آگ لگائی گئی۔

پولیس کارروائی کے دوران چوہدری شجاعت کے صاحبزادے چوہدری سالک اور شافع حسین پولیس کو اندرونی حصے میں جانے سے روکتے رہے۔ پرویز الٰہی کے گھر سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا اور پانی بھی پھینکا گیا۔

پرویز الٰہی کے وکیل کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن ٹیم گوجرانوالہ میں درج مقدمے میں پرویز الٰہی کے گھر آئی ہے، پرویز الٰہی 6 مئی تک ضمانت پر ہیں۔،ہائی کورٹ کا تصدیق شدہ آرڈر ہمیشہ اگلے دن ملتا ہے، ہم نے ان کی کورٹ کے اہلکار سے بات بھی کروا دی۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور میں پولیس کی جانب سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر چھاپے کی مذمت کی ہے۔


About the Author:

Arooj Bhatti is a versatile content creator with a passion for storytelling and a talent for capturing the human experience. With a several years of experience in news media, he has a strong foundation in visual storytelling, audio production, and written content.

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.