ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ کمی، اوپن مارکیٹ میں 13 روپے سستا

image

  پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے نرخ میں بڑی تبدیلی آئی ہے اور یہ یکدم 13 روپے کم ہو کر 301 روپے تک آ گیا ہے۔ 

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 13 روپے کم ہو گئی۔

معاشی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف نے کہا تھا کہ انٹر بینک مارکیٹ اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا گیپ کم کیا جائے جس کے بعد سٹیٹ بینک نے احکامات جاری کیے ہیں کہ کریڈٹ کارڈ کی ادائیگی کے لیے انٹر بینک مارکیٹ سے ڈالر خریدے جائیں۔ اس حکم نامہ کے بعد آج اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کم ہو رہی ہے۔

فاریکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ظفر پراچہ نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ ’ڈالر کے ریٹ میں مزید کمی ہو گی اور ایک دو روز میں یہ تقریباً 20 روپے کم ہو کر انٹر بینک ریٹ کے قریب آ جائے گا جس کا ریٹ 285 روپے تک ہے۔‘

ظفر پراچہ کے مطابق ’ڈالر کے نرخوں میں یہ بڑی کمی سٹیٹ بینک کی طرف سے گذشتہ روز جاری کیے گیے ایک سرکولر کے بعد آئی ہے جس میں یہ ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ بینکس بیرون ملک کریڈٹ کارڈز کی رقوم کی ادائیگی کے لیے ڈالرز اوپن مارکیٹ کے بجائے بینکس سے انٹر بنک ریٹ پر خریدیں۔‘

ظفر پراچہ کا کہنا تھا کہ ’یہ تجویز فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن کی طرف سے دی گئی تھی جس پر عملدرآمد کے بعد ڈالر کی اوپن مارکیٹ میں قیمت کم ہوئی ہے۔‘

ظفر پراچہ نے بتایا کہ اس کا فوری طور پر انٹر بینک ریٹ پر اثر نہیں پڑے گا، تاہم روپے کی قدر مستحکم ہونے کے ساتھ اگر دیگر معاشی عوامل بھی مثبت ہو جائیں تو مستقبل میں یہ نرخ کم ہونے کا امکان ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت کو ڈالر ریٹ میں کمی کے لیے ڈالرز کے گرے مارکیٹ میں جانے سے روکنے، سمگلنگ کے خلاف اقدامات اور دیگر پالیسیز بہتر بنانے کے لیے جلد کام کرنا چاہیے۔‘ 

معاشی امور کے ماہر عبدالعظیم نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کی اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کے فرق کو کم کرنے کا کہا گیا ہے۔ جس کے بعد آج اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی جارہی ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز کاروبار کے آغاز سے ہی اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ دروان ٹریڈنگ ایک امریکی ڈالر 13 روپے کی کمی سے 301 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے، جبکہ ایک موقع پر ڈالر 298 روپے کی سطح پر ریکارڈ بھی کیا گیا ہے۔

عبدالعظیم کا مزید کہنا ہے کہ اس وقت مارکیٹ میں ڈالر کے خریدار تو موجود ہیں، لیکن فروخت کرنے والے نہیں ہیں۔ دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 285 روپے کی سطح پر برقرار ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.