کراچی کنگز کے 13 کھلاڑی ’بدہضمی کا شکار‘ مگر میچ کھیلیں گے

image

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے جاری نویں ایڈیشن کے 16ویں میچ کے حوالے سے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے کہ کراچی کنگز کے 13 کھلاڑی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ سے پہلے بیمار پڑ گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق کراچی کنگز کی آدھی سے زیادہ ٹیم بدہضمی (فوڈ پوائزننگ) کا شکار ہوگئی ہے۔

کراچی کنگز کے کئی کھلاڑیوں کو فوڈ پوائزننگ ہونے کے باعث ہسپتال لے کر جایا گیا ہے تاہم آج کا میچ معمول کے مطابق ہوگا۔

کراچی کنگز کے ذرائع نے اُردو نیوز کو تصدیق کی ہے کہ 13 کھلاڑی فوڈ پوائزننگ کا شکار ہوگئے تاہم آج شام کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کھیلیں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ’ہمارا سکواڈ پورا ہے، جو زیادہ بیمار ہیں وہ نہیں کھیل رہے لیکن سکواڈ ہمارا پورا ہے، میچ کے لیے جو ضرورت ہوتی ہے وہ پوری کر کے ہم سٹیڈیم کے لیے نکل رہے ہیں۔‘

دوسری جانب کراچی کنگز کے ڈائریکٹر حیدر اظہر نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ کچھ کھلاڑیوں کو ڈرپس لگائی گئی ہیں۔

حیدر اظہر نے بتایا کہ ’ہمارے پچھلے دو دن کافی مشکل رہے ہیں۔ ہم کل (بدھ کو) بھی وننگ ٹیم کھلانا چاہتے تھے لیکن ہم نے مجبوری میں تبدیلیاں کیں کیونکہ لڑکوں کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’کل کھلاڑی مکمل طور پر ٹھیک نہیں تھے لیکن وہ پھر بھی کھیلے کیونکہ وہ چاہ رہے تھے کہ ٹیم کے لیے پرفارمنس دیں لیکن آج ہمارے مزید کھلاڑی بیمار ہوگئے ہیں جس میں ایک دو کو ڈرپس بھی لگی ہیں، ایک کھلاڑی ہسپتال بھی داخل ہوا ہے۔‘

حیدر اظہر نے بتایا کہ بیمار کھلاڑیوں میں غیرملکی اور ملکی کھلاڑی شامل ہیں جبکہ کوچنگ سٹاف کی طبیعت بھی ناساز ہوئی ہے۔

خیال رہے بدھ کو کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.