دھرم شالہ ٹیسٹ میں انگلینڈ کو اننگز سے شکست، جیمز اینڈرسن کی 700 وکٹیں مکمل

image

انڈیا نے انگلینڈ کو پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں ایک اننگز اور 64 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-4 سے جیت لی۔

دھرم شالہ میں کھیلے گئے پانچویں ٹیسٹ کے تیسرے دن انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 195 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

انگلیںڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں جو رُوٹ نے 84، جونی بیئرسٹو نے 39 اور ٹام ہارٹلی نے 19 رنز بنائے۔

انڈیا کی جانب سے رویچندرن اَشوِن نے پانچ جبکہ جسپریت بمراہ اور کلدیپ یادو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل انگلینڈ نے جمعرات کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد پوری انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 218 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں زیک کرالی نے 79، جونی بیئرسٹو نے 29 اور بین ڈکٹ نے 27 سکور بنائے۔

انڈیا کی طرف سے پہلی اننگز میں کلدیپ یادو نے پانچ، رویچندرن اَشِون نے چار اور رویندرا جڈیجہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس کے جواب میں انڈین ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 477 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

انڈیا کی جانب سے پہلی اننگز میں شبھمن گِل نے 110، کپتان روہت شرما نے 103 اور دیودت پڈیکل نے 65 رنز بنائے۔ 

جیمز اینڈرسن ٹیسٹ کرکٹ کی دنیا میں 700 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے فاسٹ بولر بن گئے (فوٹو: اے ایف پی)

انگلینڈ کی طرف سے پہلی اننگز میں شعیب بشیر نے پانچ جبکہ جیمز اینڈرسن اور ٹام ہارٹلی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس میچ میں جیمز اینڈرسن نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنے عظیم ٹیسٹ کیریئر کی 700ویں وکٹ بھی حاصل کر لی۔

41 برس کے جیمز اینڈرسن نے یہ اعزاز اپنے 187ویں ٹیسٹ میچ میں کلدیپ یادو کو آؤٹ کر کے حاصل کیا۔

وہ ٹیسٹ کرکٹ کی دنیا میں 700 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے فاسٹ بولر بن گئے۔

اسی طرح وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے تیسرے بولر بن گئے ہیں۔ 

2003 میں زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے عظیم انگلش پیسر اب تک 187 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں (فوٹو: گیٹی امیجز)

ان کے علاوہ سری لنکا کے سابق عظیم سپنر مُتایا مرلی دھرن 800 جبکہ عظیم آسٹریلوی سپنر شین وارن 708 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

جیمز اینڈرسن نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 22 مئی 2003 کو زمبابوے کے خلاف لارڈز کے تاریخی سٹیڈیم میں کیا تھا جس کے بعد وہ اب تک 187 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔

دوسری جانب میچ میں 7 وکٹیں حاصل کرنے پر کلدیپ یادو کو پلیئر آف دی میچ جبکہ سیریز میں 712 رنز بنانے پر نوجوان بیٹر یشسوی جیسوال کو پلیئر آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.