کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آؤٹ، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی ایلیمنیٹر 2 میں آج مدِمقابل

image

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) سیزن نو کے ایلیمنیٹر ون میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 39 رنز سے شکست دے کر فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔جمعے کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 18ویں اوور کی چوتھی گیند پر 135 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے تھے۔

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا بیٹنگ آرڈر شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آٹھ کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔فائنل تک رسائی کے لیے آج اسلام آباد یونائیٹڈ ایلیمنیٹر 2 میں پشاور زلمی کا سامنا کرے گی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگزکوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں پہلی وکٹ گر گئی۔ سعود شکیل بغیر کوئی رن بنائے عماد وسیم کا شکار بنے جبکہ جیسن روئے صرف ایک رن بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔اس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔رائلی روسو پانچ، لوری ایونز صفر جبکہ خواجہ نافع کو پانچ  رنز کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ نے یکے بعد دیگرے آؤٹ کردیا۔یوں ابتدائی پانچ اوورز میں ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ عقیل حسین نے کریز پر آتے ہی باونڈریز لگانا شروع کیں اور کچھ دیر کے لیے ٹیم کا حوصلہ بڑھایا، لیکن قسمت نے زیادہ دیر تک ان کا ساتھ نہ دیا۔

عقیل حسین نے تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے اور رن آؤٹ ہو گئے۔

عمیر بن یوسف نے 37 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی اور نسیم شاہ کی گیند پر فہیم اشرف کو کیچ تھما دیا۔

اس کے بعد محمد عامر بھی 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آٹھ کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے (فوٹو: پی ایس ایل، ایکس)

محمد وسیم چھ اور ابرار احمد پانچ رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ عثمان طارق ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے تین جبکہ نسیم شاہ نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ حنین شاہ، فہیم اشرف اور عبید میک کوئے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ایلکس ہیلز اور مارٹن گپٹل نے پہلے چھ اوورز تک محتاط بیٹنگ کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلا نقصان ایلکس ہیلز کی صورت میں اس وقت ہوا جب ٹیم کا مجموعی سکور 51 تھا۔

وہ 20 گیندوں پر 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ون ڈاؤن آنے والے آغا سلمان نے 21 گیندوں پر 31 رنز بنائے اور سعود شکیل کی گیند پر جیسن روئے کو کیچ تھما کر چلتے بنے۔

اس کے بعد شاداب خان 13 گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اعظم خان ایک مرتبہ پھر آؤٹ آف فارم  دکھائی دیے اور چھ گیندوں پر 18 رنز بنا کر عقیل حسین کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

مارٹن گپٹل 47 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے (فوٹو: پی ایس ایل، ایکس)

اس کے بعد فہیم اشرف، حیدر علی اور عماد وسیم کو یکے بعد دیگرے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز نے پویلین کی راہ دکھائی۔

اوپنر مارٹن گپٹل نے 19ویں اوور تک بیٹنگ کی۔ انہوں نے 47 گیندوں پر 56 رنز بنائے اور محمد وسیم کی گیند پر جیسن روئے کو کیچ تھما بیٹھے۔

عبید میک کوئے صفر جبکہ نسیم شاہ سات رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر اور عقیل حسین نے دو دو جبکہ محمد وسیم، سعود شکیل اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی پلیئنگ الیون

ایلکس ہیلز، مارٹن گپٹل، سلمان علی آغا، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ، حنین شاہ اور عبید میک کوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلیئنگ الیون

جیسن رائے، سعود شکیل، خواجہ نافع، رائلی روسو (کپتان)، عمیر بن یوسف، لوری ایونز، عقیل حسین، محمد وسیم جونیئر، محمد عامر، ابرار احمد اور عثمان طارق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.