امریکہ میں جہاز کی پُل سے ٹکر، لاپتہ ہونے والوں کو ’مُردہ‘ قرار دے دیا گیا

image

امریکہ کے شہر بالٹی مور میں کارگو جہاز کے پل سے ٹکرانے کے بعد لاپتہ ہونے والے چھ ورکروں کو ’مردہ‘ قرار دے دیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق منگل کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں پل کا بڑا حصہ گر گیا تھا جس کی ویڈیوز انٹرنیٹ پر وائرل ہوئیں۔

واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد بھی ان چھ چھ ورکرز کو تلاش نہ کر پائیں جو پل پر کام کررہے تھے اور جہاز کے ٹکراتے ہی دریا میں گر گئے تھے۔

حادثے کے نتیجے میں امریکہ کے مشرقی سی بورڈ پر ٹریفک معطل ہو گئی تھی جو ابھی تک معطل ہے۔

کوسٹ گارڈ ریئر ایڈمرل شینن گیلریتھ نے 18 گھنٹے کی تلاش کے بعد بھی سٹاف ارکان نہ ملنے پر خدشہ ظاہر کر دیا تھا کہ وہ ہلاک ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب انڈیا کے ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے جہاز کے عملے کا تعلق انڈیا سے ہے۔

رپورٹ کے مطابق جہاز کا عملہ 21 افراد پر مشتمل ہے اور اس میں شامل تمام افراد انڈیا کے رہنے والے ہیں۔

حادثہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات مقامی وقت کے مطابق تقریباً ڈیڑھ بجے پیش آیا (فوٹو: روئٹرز)

ماہرین کا کہنا ہے کہ روٹ کی بندش سے کارگو جہازوں کو سامان کی ترسیل میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

صدر جو بائیڈن کی جانب سے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے، انہوں نے کوسٹ گارڈ کی کال کا فوری جواب دیتے ہوئے میری لینڈ کے حکام کی بروقت کارروائی کو سراہا جنہوں نے فوری طور پر پل کو بند کر دیا تھا۔

امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ جلد ہی بالٹی مور کے اس مقام کا دورہ بھی کریں گے۔

’میں چاہتا ہوں کہ وفاقی حکومت پل کی تعمیر کے اخراجات برداشت کرے۔‘

اس پل کا نام سٹار سپیگنلڈ ہے جو 1977 میں ٹریفک کے لیے کھولا گیا تھا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق پل سے ٹکرانے والے جہاز کا نام فرانسس سکاٹ تھا اور حادثہ منگل کو مقامی وقت کے مطابق رات ایک بج کر 35 منٹ پر پیش آیا، پل کا بڑا حصہ متاثر ہونے سے اوپر گزرنے والی چند گاڑیاں بھی دریا میں جا گریں جبکہ جہاز میں آگ لگ گئی۔

جہاز ٹوٹنے کی وجہ سے چند گاڑیاں بھی دریا میں گر گئی تھیں (فوٹو: روئٹرز)

امدادی ٹیمیں دریا میں گرنے والے دو افراد کو بچانے میں کامیاب رہیں۔

پولیس کے سربراہ رونلڈ بٹلر کا کہنا ہے کہ غوطہ خور اب بھی ڈوبنے والے افراد کو تلاش کر رہے ہیں تاہم ان میں سے کسی کے بچ جانے کی امید بہت ہے اور آج ان کی لاشیں مل سکتی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جہاز کے بارے میں اطلاع ملی کہ اس میں بجلی کا نظام فیل ہو گیا ہے اس لیے اس کے جہاز تک پہنچنے سے قبل ہی دونوں طرف سے ٹریفک بند کر دی گئی تھی تاہم جو گاڑیاں پل کے اوپر تھیں وہ زد میں آئیں۔

میری لینڈ کے گورنر ویس مور نے کہا کہ پل میں کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں تھا اور کسی کی کوتاہی کی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔

بالٹی مور کے میئر برینڈن سکاٹ لینڈ نے جہاز ٹکرانے اور پل گرنے کے واقعے کو ایک ناقابل فراموش مںظر قرار دیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.