فلم ’ٹائٹینک‘ کی ہیروئن روز کی جان بچانے والا لکڑی کا تختہ سات لاکھ ڈالر سے زیادہ میں نیلام

ہالی وڈ کی فلم ’ٹائٹینک‘ میں ہیروئن روز کے کردار کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کرنے والا لکڑی کا تختہ 718750 ڈالر میں نیلام ہوا ہے۔

ہالی وڈ کی فلم ’ٹائٹینک‘ میں ہیروئنروز کے کردار کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کرنے والا لکڑی کا تختہ 718750 ڈالر میں نیلام ہوا ہے۔

1997 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں روز کا کردار اداکارہ کیٹ ونسلٹ نے ادا کیا تھا اور فلم کی ریلیز کے بعد سے ہی شائقین کے درمیان اس خیال پر بحث شروع ہو گئی تھی کہ آیا یہ تختہ اتنا بڑا تھا کہ روز اپنے عاشق جیک کو بھی سوار کر سکتی اور وہ موت کے منھ میں نہ جاتا۔

یہ تختہ ریستوران اور ریزورٹس کی مالک کمپنی پلینٹ ہالی وڈ کی ملکیتی املاک کا حصہ تھا۔

ٹائٹینک فلم میں جیک، جس کا کردار لیونارڈو ڈی کیپریو نے ادا کیا، اصرار کرتا ہے کہ لکڑے کے دروازے کے فریم کا حصہ، صرف اس کی محبوبہ روز کو سہارا دینے کے لیے کافی تھا۔ فلم میں جیک منجمد بحر اوقیانوس میں ڈوب کر مر جاتا ہے اور اس کی لاش سمندر کی گہرائیوں میں گم ہو جاتی ہے۔

2012 میں پروگرام متھبسٹر کی ایک قسط میں ٹائٹینک کے ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے انکشاف کیا تھا کہ انھیں روزانہ درجنوں ای میلز ملتی ہیں جن میں روز کو ’خود غرض‘ اور جیک کو ’بیوقوف‘ قرار دیا جاتا ہے۔

لیکن انھوں نے اس بحث کو ختم کرتے ہوئے کہا تھا کہ جیک کو کہانی کے مطابق مرنا ہی تھا۔

جیمز کیمرون کا کہنا تھا کہ ’شاید ٹکڑے کو تھوڑا سا چھوٹا ہونا چاہیے تھا، لیکن اسے (جیک کو) مرنا ہی تھا۔‘

نیلام گھر ہیریٹیج آکشنز کے مطابق، لکڑی کا یہ تختہ، جسے اکثر دروازہ سمجھ لیا جاتا ہے، 1912 میں ٹائٹینک کے حادثے کے بعد نکالے گئے ملبے کے ایک ٹکڑے کی بنیاد پر بنایا گیا تھا۔

اس بحث کے تناظر میں کہ آیا اس ٹکڑے پر روز اور جیک دونوں سوار ہو سکتے تھے، نیلام گھر کی معلومات میں کہا گیا ہے: ’تختہ، تقریباً آٹھ فٹ طویل اور 41 انچ چوڑا ہے۔‘

نیلامی میں شامل دیگر سامان میں انڈیانا جونز اور ٹیمپل آف ڈوم کا کوڑا بھی شامل تھا، جو سوا پانچ لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا جبکہ ٹوبی میگوائر کا پہنا ہوا سپائیڈر مین کا لباس ایک لاکھ 25 ہزار ڈالر میں خریدا گیا۔

ہیریٹیج آکشنز نے کہا اتوار کی شام کو مکمل ہونے والی نیلامی میں 15 کروڑ 68 لاکھ ڈالر اکٹھے کیے گئے اور یہ فلموں میں استعمال ہونے والے سامان اور ملبوسات کے مجموعے کی سب سے کامیاب نیلامی میں سے ایک تھی۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.