پاکستان نے ٹی ٹی پی سے مذاکرات کی افغان وزیر کی تجویز مسترد کر دی

image

پاکستان کی حکومت نے افغانستان کے ایک وزیر کی جانب سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے مذاکرات کی تجویز مسترد کر دی ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق جمعرات کو دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں اس بارے میں ردعمل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں وہی کہوں گی جو ہم پہلے بتا چکے کہ پاکستان دہشت گرد تنظیم ٹی ٹی پی سے مذاکرات نہیں کرے گا۔ ہمارا ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔‘

دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان افغان حکام سے یہ توقع رکھتا ہے کہ وہ دہشت گرد تنظیموں اور ان کے رہنماؤں کے جرائم اور پاکستان کے اندر دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے پر ان کے خلاف فوری کارروائی کریں۔‘

’پاکستان ان تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف لڑنے کے لیے پرعزم ہے جنہوں نے پاکستان اور چین پاکستان دوستی کی علامات کو نشانہ بنایا۔‘

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ’سکیورٹی کی جانچ اور سکیورٹی اقدامات میں اضافے کے بعد پاکستان میں چینی منصوبے فعال ہیں۔‘

اقوام متحدہ کی رکنیت کے لیے فلسطینیوں کی حالیہ کوشش سے متعلق سوال پر ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ’پاکستان فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرتا ہے اور اقوام متحدہ میں اس طرح کے کسی بھی اقدام کی حمایت کرے گا۔ غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانیت کے خلاف جرائم پر عالمی سطح پر اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق ’انہوں نے انڈین حکام کی طرف سے سرینگر کی عیدگاہ میں نماز عید کی ادائیگی پر پابندی کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انڈین حکام پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی عبادات کی ادائیگی او ر ان کے مذہب پر عمل پیرا ہونے کی آزادی کے حق کا احترام کریں۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.