سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی ملاقات

image

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بد ھ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق آذربائیجان کے سفیر نے آذربائیجان کی سپیکر کی جانب سے سردار ایاز صادق کو سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر تہنیتی پیغام پہنچایا اور آذربائیجان کے دورے کی دعوت دی۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان ایک دوسرے کے ساتھ مذہب، ثقافت، تاریخ اور بھائی چارے کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان کے عوام آذربائیجان کے عوام سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے علاقائی اور عالمی فورمز پر ہمیشہ آذربائیجان کا ساتھ دیا ہے، دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی سطح پر رابطوں کا فروغ ضروری ہے، پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس کے ذریعے دونوں ممالک کے پارلیمان ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرنے پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں کا پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ پر مشتمل سہ فریقی پارلیمانی تعاون کو بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہاروف نے سپیکر قومی اسمبلی کے آذربائیجان سے متعلق تاثرات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان، پاکستان کو ایک مخلص دوست اور برادر ملک تصور کرتا ہے، آذربائیجان کو پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ نوگورنوکاراباخ پر پاکستان کی حمایت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر آذربائیجان کا ساتھ دیا ہے، آذربائیجان پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.