وزیر اعظم شہباز شریف سے یونیسیف کے وفد کی ملاقات،پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور یونیسیف کے درمیان اظہار دلچسپی کی دستاویز پر دستخط

image

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یونیسیف کے وفد نے ملاقات کی اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور یونیسیف کے درمیان اظہار دلچسپی کی دستاویز (لیٹر آف انٹینٹ ) پر دستخط کئے ۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یونیسیف کے وفد نے پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے عبداللہ اے فاضل کی سربراہی میں ملاقات کی۔

ملاقات میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئر مین رانا مشہود بھی شریک تھے۔وفد نے وزیراعظم کو پی ایم یوتھ پروگرام اور یونیسیف کے درمیان پاکستان میں نوجوانوں کی صلاحیت اور استعداد میں اضافے کے حوالے سے اشتراک سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے یونیسیف کے پاکستان سمیت دنیا بھر کے بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے جا رہے اقدامات کو سراہا۔

بعدازاں وزیراعظم نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور یونیسیف کے درمیان اقوام متحدہ کے جنریشن ان لمیٹڈ (جین یو ) پروگرام کے حوالے سے اظہار دلچسپی کی دستاویز (لیٹر آف انٹینٹ ) پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔دستاویز پر پی ایم یوتھ پروگرام کے چیئر مین رانا مشہود اور یونیسیف کے پاکستان میں نمائندے عبداللہ اے فاضل نے وزیراعظم کی موجودگی میں دستخط کیے۔

جنریشن ان لمیٹڈ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے 2018 میں شروع کیا گیا جس کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم ، تکنیکی تربیت اور اینٹرپرینیئور شپ کے ذریعے باصلاحیت بنانا اور ابتدائی تعلیم اور تربیت کے حوالے سے کام کرنا ہے۔

جین یو پاکستان میں اپنے مکمل آپریشنز شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے جس میں نوجوانوں سے متعلق منصوبوں میں 20 ملین کی ابتدائی سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔ اس دستاویز پر دستخط سے نوجوانوں کو تعلیم و تربیت کے یکساں مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ جین یو اور پی ایم یوتھ پروگرام اس حوالے سے آپریشنل سٹریٹجک فریم ورک پر مل کر کام کریں گے ۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.