بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ نئے پروگرام کیلئے مئی تک خدوخال پراتفاق رائے کی امید ہے، بین الاقوامی ڈیٹ مارکیٹ میں واپسی کیلئے پاکستان نے ریٹنگ کی بین الاقوامی ایجنسیوں کے ساتھ بات چیت شروع کردی ہے، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا انٹرویو

image

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمداورنگزیب نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ نئے پروگرام کیلئے مئی تک خدوخال پراتفاق رائے کی امیدظاہرکرتے ہوئے کہاہے کہ بین الاقوامی ڈیٹ مارکیٹ میں واپسی کیلئے پاکستان نے ریٹنگ کی بین الاقوامی ایجنسیوں کے ساتھ بات چیت شروع کردی ہے۔انہوں نے یہ بات برطانوی خبررساں ادارہ رائٹرزکو انٹرویودیتے ہوئے کہی۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ موجودہ تین ارب ڈالر کا پروگرام اپریل کے آخرتک مکمل ہوجائے گا اورحکومت کلی معیشت کے استحکام اورڈھانچہ جاتی اصلاحات کے عمل کے تسلسل کیلئے طویل اوربڑے پروگرام کی خواہش رکھتی ہے، ہمیں توقع ہے کہ مئی کے وسط تک آئی ایم ایف مشن پاکستان میں ہوگااوریہ وہ وقت ہوگا جب نئے پروگرام کے خدوخال کوعملی شکل دینے کا کام شروع ہوجائےگا۔

وزیر خزانہ نے کہاکہ آئی ایم ایف کی جانب سے قرضہ کی فراہمی پررضامندی کے بعد ریزلئینس اینڈ سسٹین ایبلیٹی ٹرسٹ کے تحت اضافی مالی تعاون کی درخواست کی جائے گی ۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ حالیہ مہینوں میں زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ ہورہاہے اورجون کے آخرتک سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائرکاحجم 10 ارب ڈالرہوجایئگا جودوماہ کی درآمدات کیلئے کافی ہے، اسی طرح قرضوں کی ادائیگی کاعمل بھی احسن اندازمیں جاری ہے۔

چین کے قرضہ سمیت پاکستان کے دوطرفہ قرضوں کو رول اوور کردیاگیاہے اسلئے ہماری معیشت کی حالت مستحکم ہے اورہمیں جاری وآئندہ مالی سال کے دوران کسی بڑے مسئلہ کاسامنانہیں کرنا پڑے گا کیونکہ ہمیں ہرمالی سال میں 25 ارب ڈالرکابیرونی قرضہ اداکرنا ہوتاہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس ممکنہ طورپرگرین بانڈ میں واپسی کی امیدہے تاہم اس سے پہلے کچھ اوراقدامات اٹھاناہوں گے، ہمیں ریٹنگ کے یقینی ماحول تک جانا ہوگا، اس ضمن میں پاکستان نے ریٹنگ کی بین الاقوامی ایجنسیوں کے ساتھ مذاکرات شروع کردئیے ہیں، ہمیں امیدہے کہ نئے مالی سال کے دوران پاکستان کی ساورن ریٹنگ میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں واپسی مالی سال 2025 اورمالی سال 2026 میں متوقع ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.