وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل، اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر اور ریجنل بیورو برائے ایشیا اینڈ پیسیفک کی ڈائریکٹر یو این ڈی پی کنی وگناراجا کی ملاقات

image

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب سے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل، اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر اور ریجنل بیورو برائے ایشیا و بحرالکاہل کی ڈائریکٹر کنی وگناراجا نے منگل کو یہاں پاکستان میں یو این ڈی پی کے کنٹری نمائندے کےہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں اہم ترقیاتی چیلنجوں سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں حکومت پاکستان اور یو این ڈی پی کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کنی وگناراجا اور یو این ڈی پی پاکستان کنٹری آفس ٹیم کےپاکستان سے غیر متزلزل تعاون ، خاص طور پر 2022 کے سیلاب جیسے نازک وقتوں میں مخلصانہ تعاون کو سراہا ۔

انہوں نے پاکستان کے لیے جامع اور مختلف ترقیاتی فنانسنگ کے لیے قومی اور بین الاقوامی مہارت کو متحرک کرنے میں یو این ڈی پی کے تعاون کی بھی تعریف کی۔وفاقی وزیر نے ملک کی ترقی کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے پالیسی اصلاحات کے نفاذ پر حکومت پاکستان کی توجہ کو مزید اجاگر کیا۔ وزیر نے غربت میں کمی، خوشحالی میں اضافے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے تعمیری انداز میں یو این ڈی پی کے ساتھ شمولیت کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید برآں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان نے حکومت کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے سے تعاون کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے لیے بات چیت شروع کی ہے۔ کنی وگناراجا نے پائیدار ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کی تعریف کی اور یو این ڈی پی کے ترقیاتی اہداف کے حصول میں پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے خطے میں پائیدار ترقی کے چیلنجوں اور مواقع سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور یو این ڈی پی کے درمیان مسلسل تعاون اور شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔

کنی وگناراجا نے وفاقی وزیر کو یواین ڈی پی کی حال ہی میں شروع کی گئی رپورٹ کی ایک کاپی بھی پیش کی جس کا عنوان “ڈوئنگ ڈیجیٹل فار ڈویلپمنٹ” ہے جو خاص طور پر پاکستان کے لیے تیار کی گئی ہے جس میں ملک کے اندر ترقیاتی اقدامات کو آگے بڑھانے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے اہم کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔آخر میں دونوں اطراف نے پاکستان کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مسلسل تعاون اور شراکت داری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.