معروف ادیب افسانہ نگار اے حمید کی برسی (کل) منائی جائے گی

image

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):معروف ادیب افسانہ نگار اے حمید کی برسی کل(پیر 29 اپریل کو) منائی جائے گی ۔ اے حمید 25 اگست 1928 کو امرتسر میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد اپنے خاندان سمیت ہجرت کرکے لاہور میں رہائش اختیار کر لی۔

اے حمید کا پہلا افسانہ‘منزل منزل‘ ادب لطیف میں 1948 میں شائع ہوا تھا۔ ان کے افسانوں کا پہلا مجموعہ ”منزل منزل“ بے حد مقبول ہوا جو ان کی رومانوی افسانہ نگار کے طور پر پہچان بن گیا۔انہوں نے افسانہ نویسی کے علاوہ ایک عرصہ تک مختلف اخبارات میں باقاعدہ کالم نویسی بھی کی، ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے لیے بہت سے پروگرام لکھے جو بے حد مقبول ہوئے۔

انہوں نے بچوں کے لیے بھی امبر ناگ ماریہ سیریز کے سو سے زیادہ ناول تحریر کیے۔1990ء کی دہائی میں انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن کے لیے بچوں کا مشہور سیریل عینک والا جن تحریر کیا جو بے حد مقبول ہوا۔حکومت پاکستان نے 1997میں ان کے فن کے اعتراف کے طور پر انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا۔

اے حمید 29 اپریل 2011کو 83برس کی عمر میں انتقال کرگئے اور میانی صاحب کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔ ان کی برسی کے موقع پر علمی و ادبی حلقوں کے زیر انتظام مختلف تقریبات میں ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.