وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کر دیا گیا

image
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔

اتوار کو وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کابینہ ڈویژن نے اس ضمن میں نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

اسحاق ڈار اس وقت وزیراعظم کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔

اسحاق ڈار پاکستان مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ ماضی میں انھیں ن لیگ کی حکومتوں میں وزیر خزانہ کی ذمہ داری سونپی جاتی رہی ہے۔ تاہم اس بار ان کی جگہ محمد اورنگزیب کو وزیر خزانہ بنایا گیا۔

اسحاق ڈار کو موجودہ دور میں وزیر خارجہ کی ذمہ داری ایک ایسے وقت میں ملی جب ملک کو معاشی، سفارتی اور سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔

وہ جماعت کے قائد نواز شریف کے قریبی رشتہ دار ہیں اور چار مرتبہ ملک کے وزیر خزانہ رہ چکے ہیں۔

اسحاق ڈار پہلی مرتبہ 1998 میں نواز لیگ کے دور میں وفاقی وزیر خزانہ بنے۔ 2013 میں نواز لیگ کی حکومت میں ایک بار پھر وہ وزیر خزانہ بنے۔

تاہم 2017 میں نواز شریف کی سپریم کورٹ سے نا اہلی کے بعد جب شاہد خاقان عباسی وزیر اعظم بنے تو مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنایا گیا۔

اپریل 2022 میں تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کے بعد شہباز شریف کی وزارت عظمیٰ کے پہلے پانچ مہینوں تک مفتاح اسماعیل وزیر خزانہ رہے، تاہم ستمبر 2022 کے آخر میں اسحاق ڈار ایک بار پھر وزیر خزانہ بن گئے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.