سرکاری اسکیم کے تحت اب تک 9 ہزار 844 سے زائد پاکستانی عازمین حج فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے مدینۃالمنورہ پہنچے

image

مدینہ منورہ۔12مئی (اے پی پی):سرکاری اسکیم کے تحت اب تک 9 ہزار 844 سے زائد پاکستانی عازمین حج فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے مدینہ المنورہ پہنچ چکے ہیں، اتوار کے روز اسلام آباد اور کراچی سے تین، تین، لاہور سے چار اور ملتان اور سیالکوٹ سے ایک ایک پرواز چلائی گئی جن کے ذریعے 3254 عازمین حج کو مدینہ منورہ پہنچایا گیا۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان محمد عمر بٹ نے پاکستانی حجاج کی سہولت کے لئے کئے گئے انتظامات کی تفصیلات کا اے پی پی کے ساتھ تبادلہ کرتے ہوئے بتایا کہ 9 مئی سے اب تک مختلف ایئرلائنز نے پاکستان کے 8 بڑے شہروں سے تقریبا 40 پروازیں چلائی ہیں تاکہ اللہ تعالی کے مہمانوں کو حج کے پہلے مرحلے میں مدینہ منورہ پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اتوار کے روز اسلام آباد اور کراچی سے تین، تین، لاہور سے چار اور ملتان اور سیالکوٹ سے ایک ایک پرواز چلائی گئی جن کے ذریعے 3254 عازمین حج کو مدینہ منورہ پہنچایا گیا۔17 مئی سے مدینہ منورہ میں اپنا آٹھ روزہ قیام مکمل کرنے والے پاکستانی عازمین حج مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوں گے جہاں دنیا بھر سے آنے والے عازمین حجاج مناسک حج ادا کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے پاکستان اور سعودی عرب دونوں جگہوں پر وسیع تر انتظامات کیے ہیں۔ قبل از حج فلائٹ آپریشن کے آغاز سے قبل وزارت نے عازمین حج کے لئے ہفتوں تک وسیع پیمانے پر تربیتی سیشن منعقد کرائے، انہیں پریشانی سے پاک سفر کے لئے ضروری معلومات، سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

عازمین حج کو ہیلتھ کور فراہم کرنے کے انتظامات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزارت نے پاکستان حج مشن کے تحت دو مکمل ہسپتال قائم کیے ہیں جن میں سے ایک مدینہ اور ایک مکہ مکرمہ میں ہے جہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف شفٹوں میں چوبیس گھنٹے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

اسپتالوں میں مجموعی طور پر 66 ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس تعینات کیے گئے ہیں، جہاں میڈیکل چیک اپ کیا جاتا ہے اور ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ تشویشناک حالت کی صورت میں مریض کو سعودی ہسپتالوں میں ریفر کیا جاتا ہے جہاں انہیں ہر قسم کا علاج اور یہاں تک کہ سرجری بھی مفت فراہم کی جاتی ہے، اس کے علاوہ ایئر ایمبولینس سمیت مختلف ذرائع سے اپنے فرض حج اعمال کو مکمل کرنے کے انتظامات بھی کیے جاتے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.