شدید گرمی، خیبرپختونوا کے ہسپتالوں میں ’کول سپیسز‘ بنانے کا فیصلہ

image

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں شدید گرمی کے دوران ہیٹ سٹروک سے بچنے کے لیے ہسپتالوں میں کول سپیسز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس پاکستان کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر صحت کی ہدایت پر ممکنہ ہیٹ ویو سے بچنے اور علاج کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔

محکمہ صحت نے صوبے کے تمام ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک کے علاج کے لیے یونٹ قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کیٹگری ڈی اور اس سے اوپر کے ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک ٹریٹمنٹ یونٹس کا فوری قیام یقینی بنایا جائے اور تمام ہسپتالوں میں او آر ایس سمیت دیگر ضروری ادویات کی دستیابی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

وزارت نے اضلاع کی سطح پر بھی محکمہ صحت کو ہیٹ ویو کے پیش نظر فوکل پرسنز تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق تمام ڈسٹرکٹ کمشنرز کے تعاون سے اضلاع کی سطح پر ہیٹ سٹروک سے متعلق آگاہی مہم چلانے اور ہسپتالوں کے وارڈز اور انتظار گاہوں میں پینے کے ٹھنڈے پانی کا انتظام کرنے کا بھی کہا ہے۔

وزارت نے ہدایت کی ہے کہ ہسپتالوں میں تیمارداروں کے لیے چھتوں والی ہوادار انتظار گاہوں کا بندوست کیا جائے اور ہیٹ سٹروک ٹریٹمنٹ یونٹس میں برف کے بیگز کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

کےپی کے ہسپتالوں میں تیماداروں کے لیے کول سپیسز قائم کی جائیں گی۔ فوٹو: اے ایف پی

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج اتوار کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ملک کے میدانی علاقوں میں بھی بعد از دوپہر تیز ہوائیں اور جھکڑ چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 

پیر کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہے گا تاہم گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق تربت میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جبکہ بہاولپور، جیکب آباد، خیرپور اور روہڑی میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.