پاکستان تحریک انصاف نے اجازت نہ ملنے کے باوجود آج ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ نے جڑواں شہروں کے داخلی راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے ہیں۔ راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کو ترنول کے مقام پر جلسہ کرنے کا اجازت نامہ منسوخ کر دیا تھا۔
راولپنڈی کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کی ٹیم پاکستان میں موجود ہے اور راولپنڈی میں ٹیست میچ کھیلا جا رہا ہے، سکیورٹی کے شدید خدشات ہیں جس کی وجہ سے جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
گزشتہ روز پنجاب حکومت نے بھی صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے جلسوں اور دھرنوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔
جبکہ پی ٹی ٹی آئی کے جلسے اور ایک مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث اسلام آباد کی انتظامیہ نے ایک روز کے لیے اسکولوں کی چھٹی کر دی تھی۔
تحریک انصاف نے ہر صورت راولپنڈی میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ مقامی انتظامیہ نے روات ٹی چوک کے مقام پر اسلام آباد اور راولپنڈی کا داخلی راستہ کنٹینر لگا کر بند کر دیا ہے، راستے کی بندش کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے گزشتہ روز اپنے بیان میں راولپنڈی کی انتظامیہ کا جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کل ترنول چوک پر جلسہ ہوگا اور ہرحال میں ہوگا۔
علی امین گنڈا پور نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ جلسے کی این او سی عدالت نے دی تھی جو کمشنر نےمعطل کر دی، وفاقی حکومت کی فسطائیت، جبر اور غیر قانونی اقدامات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔