وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتشاری ٹولے کے ہاتھوں سیکیورٹی اہلکاروں کے خاندانوں کی زندگیاں تباہ کر دی گئیں، یہ پُر امن احتجاج نہیں، شدت پسندی ہے اور انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں، خونریزی چاہتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں سری نگر ہائی وے پر پی ٹی آئی مظاہرین کی جانب سے گاڑی سے کچلے گئے رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نام نہاد پر امن احتجاج کی آڑ میں پولیس و رینجرز کے اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے واقعے میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے حملے میں زخمی ہونے والے رینجرز و پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور شہید اہلکاروں کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتشاری ٹولہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دانستہ طور پر نشانہ بنا رہا ہے، انتشاری ٹولے کے ہاتھوں سیکیورٹی اہلکاروں کے خاندانوں کی زندگیاں تباہ کر دی گئیں، یہ پُر امن احتجاج نہیں، شدت پسندی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس و رینجرز کے اہلکار شہر میں امن و امان کے نفاذ کیلئے مامور ہیں، انتشاری ٹولہ گزشتہ روز پولیس اہلکار اور آج شہید کئے گئے رینجرز اہلکاروں کے معصوم بچوں و اہلِ خانہ کو جوابدہ ہے، انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں، خونریزی چاہتا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کسی بھی انتشار اور خوں ریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا، مذموم سیاسی مقاصد کے لیے خون ریزی نا قابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے، مجھ سمیت پوری قوم شہید ہونے والے رینجرز و پولیس کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر شر پسندوں نے ڈیوٹی پر موجود رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھادی۔
شر پسندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کے نتیجے میں 6 اہلکار شہید ہوگئے ہیں جن میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
حادثے کے نتیجے میں 4 رینجرز اور ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، مجموعی طور پر اب تک 100 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہو چکے ہیں جن میں متعدد شدید زخمی ہیں۔