پاکستان کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے بالائی علاقوں میں بارش، گرج چمک اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سنیچر سے منگل کے دوران کوئٹہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، زیارت، لورالائی اور ڈیرہ غازی خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
اسی طرح گوادر، کیچ، پنجگور، آواران، قلات، خضدار اور لسبیلہ میں بھی تیز گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ خطہ پوٹھوہار، مری، گلیات، اسلام آباد، میانوالی، بھکر اور لیہ میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
’ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔‘
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بارش سے صوبہ پنجاب کے علاقوں میں جاری سموگ میں کمی اور ہوا کا معیار بہتر ہونے کی توقع ہے۔
ان بارشوں کی وجہ سے پنجاب کے میدانی علاقوں میں آنے والے دنوں میں دُھند کی شدت میں اضافے کی توقع ہے، لہٰذا کسانوں سے کہا گیا ہے کہ موسم کی پیش گوئی کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔
’مسافروں اور سیاحوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سفر کے دوران زیادہ محتاط رہیں اور موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں اور بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوش گوار صورت حال سے بچنے کے لیے موسم کے بارے میں پیشگی آگاہی حاصل کریں۔‘
حکام نے تمام متعلقہ اداروں کو بارشوں کے دوران ’الرٹ‘ رہنے اور کسی ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔