امریکہ کے رابرٹ فرانسس ایک ارب 40 کروڑ کیتھولک مسیحیوں کے نئے پوپ منتخب

image

پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد رابرٹ فرانسس پریووسٹ، کیتھولک مسیحیوں کے نئے پوپ منتخب کر لیے گئے ہیں۔

14 ستمبر 1955 کو پیدا ہونے والے 69 برس کے رابرٹ فرانسس کیتھولک مسیحیوں کے 267 ویں پوپ ہیں۔ وہ پہلے امریکی ہیں جو اس عہدے پر فائز ہوئے ہیں، ان کا تعلق ریاست ایلینوئس کے شہر شکاگو سے ہے۔

جمعرات کو ویٹیکن میں کالج آف کارڈینلز کے اجلاس کے دوسرے روز سسٹین چیپل (چرچ) کی چِمنی سے سفید دُھواں نکلتا ہوا دکھائی دیا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سفید دُھواں اس بات کی علامت ہوتا ہے کہ 133 کارڈینلز نے خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیتھولک مسیحیوں کے نئے پوپ کا انتخاب کر لیا ہے۔

ان کارڈینلز نے ووٹنگ کے دوسرے روز پوپ فرانسس کے جانشین کو منتخب کیا، نئے پوپ کا انتخاب ہونے کے بعد سینٹ پیٹرز بیسیلیکا میں گھنٹیاں بجائی گئیں۔

نئے پوپ کے انتخاب کے موقعے پر سینٹ پیٹرز سکوائر میں ہزاروں افراد جمع تھے جنہوں نے چِمنی سے سفید دھواں نکلتے دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور ایک دوسرے کو مبارک باد دی۔

رابرٹ فرانسس پوپ لیو XIV کے نام سے جانے جائیں گے۔ 

ان کے کیریئر کا بڑا حصہ جنوبی امریکہ کے ملک پیرو میں تبلیغی کاموں میں گزرا۔ انہوں نے  2014 سے 2023 تک چکلایو (پیرو) کے بشپ کے طور پر بھی ذمہ داریاں سرانجام دیں۔

پوپ فرانسس 88 برس کی عمر میں چل بسے تھے

ویٹیکن سٹی نے 21 اپریل کو ایک اعلامیے میں بتایا تھا کہ ’کیتھولک مسیحیوں کے پیشوا پوپ فرانسس 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔‘

ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے پوپ فرانسس طویل علالت کے بعد چند دن قبل ہی صحت یاب ہوئے تھے، انہیں نمونیا کی تشخیص ہوئی تھی۔

وہ شدید بیماری کے باعث 38 روز تک ہسپتال میں زیرِعلاج تھے۔ 23 مارچ کو صحت یاب ہونے کے بعد انہیں ہسپتال سے فارغ کیا گیا تھا۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.