خیبر پختونخوا میں 500 سرکاری اسکول نجی شعبے کے حوالے

image

حکومت خیبر پختونخوا نے صوبے کے مختلف اضلاع میں کم طلبہ والے 500 سرکاری اسکولوں کا انتظام نجی شعبے کے حوالے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے مطابق ان اسکولوں کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق 400 اسکول غیر سرکاری تنظیموں یا مشترکہ اداروں کے سپرد کیے جائیں گے، 50 اسکول نوجوان انٹرپرینیورز جبکہ 50 اسکول تعلیمی ماہرین کے حوالے کیے جائیں گے۔

محکمہ تعلیم کے اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ 46 اسکول مانسہرہ میں، 45 ایبٹ آباد اور 45 ہری پور میں نجی انتظام کے تحت دیے جائیں گے۔ بنوں میں 30، بٹگرام میں 28، کوہاٹ میں 25، سوات میں 22، کرک میں 21، مردان میں 19، نوشہرہ میں 18، بونیر میں 16 اور ٹانک میں 13 اسکول شامل ہیں۔

اسی طرح لوئر کوہستان اور شانگلہ میں 12، لکی مروت میں 11، مہمند، اورکزئی، کرم، لوئر چترال اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 10،10 اسکول دیے جائیں گے۔ چارسدہ، صوابی، اپر چترال اور ہنگو میں 9،9، پشاور میں 8، لوئر دیر اور جنوبی وزیرستان میں 7،7، شمالی وزیرستان میں 6، ملاکنڈ اور تورغر میں 5،5، دیر بالا، خیبر اور اپر کوہستان میں 3،3 جبکہ باجوڑ اور کولائی پالس میں 2،2 اسکول نجی شعبے کے حوالے کیے جائیں گے۔

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے مطابق ان اسکولوں کو نجی تنظیموں یا تعلیمی اداروں کے اشتراک سے چلایا جائے گا تاکہ تعلیمی معیار بہتر بنایا جا سکے اور سرکاری اسکولوں کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US