جمعة المبارک پر آئی جی پنجاب کے خصوصی احکامات، صوبہ بھر میں سیکیورٹی سخت

image

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جمعة المبارک کے موقع پر صوبہ بھر میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کی ہدایت جاری کردی۔

آئی جی پنجاب نے تمام ضلعی پولیس افسران (ڈی پی اوز) اور سینئر پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور حساس مقامات کی سیکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے حکم دیا کہ نماز جمعہ کے دوران اور اس سے قبل مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف میں اضافی نفری تعینات کی جائے جبکہ مرکزی شاہراہوں اور کاروباری مراکز کے اطراف پٹرولنگ میں نمایاں اضافہ کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ قانون و امن کا قیام، شہریوں کی جان و مال اور املاک کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دی جائے۔

انہوں نے تمام ڈی پی اوز اور ایس پی صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ خود فیلڈ میں موجود رہیں اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ نماز جمعہ کے بعد پولیس افسران مساجد میں شہریوں کے مسائل سنیں تاکہ عوام کو ان کے گھروں کی دہلیز پر انصاف اور سہولت میسر آسکے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس عوام کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کے حل کے لیے بھی ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبے بھر میں پولیس فورس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور حساس مقامات کی نگرانی جدید ٹیکنالوجی اور کیمروں کے ذریعے بھی کی جا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US