ٹرمپ کا نیا انکشاف: پاک بھارت جنگ میں 7 نہیں 8 طیارے گرائے گئے

image

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے اس بار نیا دعویٰ کیا ہے کہ جنگ کے دوران سات نہیں بلکہ آٹھ طیارے گرائے گئے تھے۔

میامی میں ایک بزنس فورم سے خطاب کے دوران امریکی صدر نے کہا کہ میں نے اخبارات میں پڑھا کہ سات یا آٹھ طیارے گرائے گئے ایک اخبار نے لکھا سات، کسی نے آٹھ، میں کسی کا نام نہیں لوں گا کیونکہ زیادہ تر جھوٹی خبریں دیتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ آٹھ طیارے گرائے گئے تھے۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس وقت پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ تجارتی معاہدے کے عمل میں تھے لیکن اچانک انہیں خبریں موصول ہوئیں کہ دونوں ممالک جنگ کے قریب پہنچ چکے ہیں۔میں نے دونوں ملکوں کو خبردار کیا کہ اگر جنگ کی تو امریکا کے ساتھ تجارت بند کر دی جائے گی، جس پر دونوں ممالک پیچھے ہٹ گئے۔

انہوں نے ایک بار پھر یہ کریڈٹ لینے کی کوشش کی کہ ان کی مداخلت سے دونوں ایٹمی طاقتیں جنگ سے بچ گئیں۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ اپنی صدارت کے دوران انہوں نے آٹھ ماہ میں آٹھ جنگیں ختم کرائیں جن میں کوسووو، سربیا، کانگو، روانڈا، اور پاک بھارت تنازع بھی شامل تھا۔

واضح رہے کہ ٹرمپ اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر 2019 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی جھڑپوں پر بات کر چکے ہیں، تاہم بھارتی حکومت ہمیشہ کسی تیسرے فریق کی مداخلت کی تردید کرتی رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US