"جو عورت شوہر کے سامنے للو (زبان) چلائے گی، اُسے تھپڑ تو پڑے گا ہی۔ اصل مسئلہ عورت کا جواب دینا ہے، زبان دراز عورت کو تو شوہر آخرکار مار ہی دیتا ہے۔"
پاکستان کی مشہور میچ میکر مسز خان ایک بار پھر تنازعے کی زد میں آ گئی ہیں۔ وہ اکثر مارننگ شوز میں شادی شدہ زندگی کے بارے میں بیانات دیتی نظر آتی ہیں، لیکن اس بار ان کا بیان سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر گیا ہے۔ مسز خان، جو خواتین کو دبلی، کم عمر اور فرمانبردار رہنے کا مشورہ دیتی ہیں تاکہ شادی کامیاب ہو، اب گھریلو تشدد کے معاملے پر ایسا مؤقف لے آئی ہیں جس نے عوام کو مشتعل کر دیا ہے۔
پاکستان جیسے ملک میں جہاں خواتین پر تشدد کے واقعات عام ہیں، وہاں مسز خان کا یہ کہنا کہ "جو عورت جواب دیتی ہے، وہ تھپڑ کھاتی ہے"، سوشل میڈیا صارفین کے لیے ناقابلِ برداشت بن گیا۔ لوگوں نے ان پر سخت تنقید کی اور کہا کہ وہ ایسے مجرموں کو سپورٹ کر رہی ہیں جو عورتوں پر ظلم کرتے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا، "ایسی خواتین ہی معاشرے میں گھریلو تشدد کو جائز بناتی ہیں۔" دوسرے نے کہا، "آپ کی بات سن کر لگتا ہے آپ خود روز تھپڑ کھاتی ہوں گی۔" جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا، "آج کے دور میں تو خاموش رہنے والی عورتیں بھی مار کھا جاتی ہیں۔"
مسز خان کا یہ بیان نہ صرف خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے بلکہ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنی مقبولیت بڑھانے کے لیے جان بوجھ کر متنازع باتیں کرتی ہیں۔ تاہم اس بار ان کا مؤقف انہیں شدید عوامی ردعمل کی زد میں لے آیا ہے، اور کئی سوشل میڈیا صارفین نے ان کے مارننگ شوز پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔