شیشہ ہر گھر میں ہی موجود ہوتاہے، لیکن اس کا استعمال مختلف طریقوں سے کیا جارہاہوتا ہے۔ یہ گھر کے ہر کمرے میں ہی موجود ہوتا ہے، تاہم اس کو ٹھیک انداز میں نہیں لگایا جاتا، جس کی وجہ سے اس کے مطلوبہ فوائد حاصل نہیں ہوتے۔
کچھ گھریلو سجاوٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ شیشہ بہت کام ہی چیز ہے، اگر اسے ٹھیک انداز میں لگایا جائے تو یہ آپ کے چھوٹے سے گھر کو بڑا دکھا سکتا ہے۔ شیشہ صحیح جگہ لگایا جائے اور اس پر پڑنے والی روشنی مناسب مقدار میں ہوتو پھر شیشہ آپ کے گھر کو بڑا اور روشن بہ آسانی دکھانے میں کامیاب ہوسکتا ہے۔
اگر کسی کمرے میں کھڑکی موجود نہیں ہے اور اس کی وجہ سے کمرہ چھوٹا سا محسوس ہو تا ہو تو پھر کسی ایک دیوار پر بڑا سا شیشہ لگائیں، اس سے بھی کمرے میں گہرائی سی محسوس ہوگی اور آپ کا کمرہ بڑا دکھائی دے گا۔
کچن اور واش روم میں:
کچن ہو یا باتھ روم، جہاں بھی سنک موجودہو، وہاں شیشہ لگائیں۔ ایسی جگہیں عموماً زیادہ بڑی نہیں ہوتیں، یہی وجہ ہے کہ شیشہ لگاکر انہیں بڑا دکھایاجاسکتاہے۔سنک کے اوپر اور اس کی دوسری طرف یعنی مخالف سمت میں شیشہ لگائیں، تاکہ اس کا عکس اس میں نظر آئے تو وہ جگہ بڑی سی محسوس ہونے لگے۔ اس کے علاوہ اگر گھر کے واش روم میں باتھ ٹب ہے تو اس کے پیچھے کی جانب شیشہ لگوالیں، جب شیشے میں باتھ ٹب کا عکس نظرآئے گاتو ایسا لگے گا کہ جیسے دوسری طرف ایک اور باتھ ٹب رکھا ہوا ہے اور اس وجہ سے واش روم بڑا سا محسوس ہونے لگے گا۔ساتھ ہی واش روم میں تیار ہونے اورمیک اپ کرنے میں بھی یہی شیشہ مددگار ثابت ہو سکے گا۔
جگہ کم ہے تو:
اگر گھر اتنا چھوٹا ہے کہ الگ سے شیشہ تک نہیں لگوایا جاسکتا تو کوشش کریں کہ کمروں کی الماریوں یا بڑی یبنٹس پر شیشے لگوالیں۔ اس سے ناصرف آپ کے کمرے بڑے لگیں گے بلکہ کمرے کی ڈیکوریشن بھی ہوجائے گی، ساتھ ہی آپ کو الگ سے ڈریسنگ ٹیبل رکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، کیونکہ گھروالے الماری میں سامان رکھنے کے بعد اس کے بیرونی حصے میں لگائے گئے شیشے میں دیکھ کر تیار ہوسکیں گے۔یوں ڈریسنگ ٹیبل کی جگہ خالی ہوجائے گی اور آپ کا کمرہ بڑا اور کھُلا محسوس ہوگا۔ اگر ڈریسنگ ٹیبل رکھنا چاہیں تو چھوٹی سی ٹیبل کے اوپر شیشہ لگالیں، ہوسکے تو سفید رنگ کی ٹیبل اور شیشہ لگائیں، سفید رنگ کے فرنیچر سے بھی کمرہ کھلا اور بڑا سالگتاہے۔
کھڑکی کی مخالف سمت میں شیشہ لگائیں:
جب بھی شیشہ لگائیں، تو کوشش کریں کہ وہ کمرے میں موجود کھڑکی کی مخالف سمت میں لگایا جائے یا کمرے میں موجود لائٹ یا فانوس وغیرہ کے نیچے 2 فٹ نیچے شیشے کو دیوار پر لگائیں۔
اگر زیادہ بجٹ نہ ہو تو:
اگر اتنا بجٹ نہ ہو کہ بڑے شیشے خریدیں یا خوبصورت فریم والے شیشے خریدسکیں تو زیاد ہ پریشان نہ ہوں۔ آج کل بڑے شیشوں کے کناروں کومشین سے گھسوالیا جاتا ہے اور انہیں 6 سے 8 کلپس کی مدد سے دیواروں پر لگوالیا جاتا ہے۔یہ کلپ مہنگے نہیں ہوتے اور اس طرح سستے داموں میں آپ کا یہ کام آسانی سے ہوجائے گا۔ جن لوگوں کو شیشے خریدنے ہوں، انہیں چاہئیں کہ ڈسکاؤنٹ اور سیل کا بھی انتظار کرلیں،اکثر اسٹورز پر ڈسکاؤنٹ میں بہت اچھی چیزیں بھی مل جاتی ہیں ،جنہیں خرید کر آپ گھر کو خوبصورت اور بڑا دکھاسکتی ہیں، تاہم اس کے لئے آپ کو ڈسکاؤنٹ آفرز اور سیل پر گہری نظررکھنی ہوگی۔
بڑا شیشہ نہ ملے تو؟
اگر بڑے شیشے دستیاب نہ ہوں تو 4 سے 5 مختلف سائز کے چھوٹے شیشوں کو دیوار پر فریم کے انداز میں لگوالیں، اس سے بھی کمروں کو بڑا اورروشن دکھانے کا مطلوبہ مقصد حاصل ہوجائے گا۔