وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سری لنکا میں سمندری طوفان دتوا سے متاثرہ علاقوں میں پاکستان کی جاری امدادی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں اور اداروں نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے سری لنکا کے متاثرہ علاقوں میں ہر ممکن تعاون جاری ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کل سری لنکا روانہ ہوگی جبکہ کمرشل بحری جہاز کے ذریعے مزید امدادی سامان بھی بھیجا جائے گا۔ اس کے علاوہ پاک بحریہ کا جہاز ’سیف‘ سری لنکا میں ریلیف سرگرمیوں میں مصروف ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سری لنکا میں امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے تاکہ متاثرہ آبادی کی فوری بحالی ممکن ہو سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مشکل گھڑی میں سری لنکا کے ساتھ کھڑا ہے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی مشن جاری رکھا جائے گا۔