حکومت سیاسی انتقام کے بجائے مذاکرات اور سیاسی استحکام کی راہ اپنائے، بیرسٹر گوہر

image

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ حکومت منظم انداز میں پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے اور جماعت پر پابندی کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم ایسا کوئی بھی اقدام سیاسی عدم استحکام میں مزید اضافہ کرے گا۔

میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ کل پنجاب اسمبلی میں ایک قرار داد منظور کی گئی جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ اتنی بڑی سیاسی قوت کو محدود کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سخت اور انتقامی اقدامات نہ صرف جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی ہیں بلکہ ملک میں سیاسی ماحول کو مزید خراب کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے بانی تحریکِ انصاف سے ملاقات کرنے والے کارکنان اور رہنماؤں پر واٹر کینن کے استعمال پر بھی شدید تنقید کی۔ ان کے مطابق ایک جماعت کے قائد سے ملاقات کرنے والوں پر پانی کی توپیں چلانا افسوسناک اور غیر جمہوری طرزِ عمل ہے۔

بیرسٹر گوہر نے واضح تنبیہ کی کہ حالات تیزی سے حکومت کے کنٹرول سے باہر ہوتے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں سیاسی طور پر مائنس کرنے کی کوشش کی گئی تو پھر یہ لوگ بھی اپنی جگہ برقرار نہیں رہ سکیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو چاہیے کہ سیاسی انتقام کے بجائے مذاکرات اور سیاسی استحکام کی راہ اپنائے۔

پی ٹی آئی رہنما کے اس بیان نے ملکی سیاسی فضا میں ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے، جبکہ پارٹی کی جانب سے حکومت کے اقدامات کو مسلسل غیر آئینی قرار دیا جارہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US