شازیہ مری کا پی ٹی آئی پر ایوان میں غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل اپنانے کا الزام

image

پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی شازیہ مری نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں پاکستان تحریکِ انصاف کے رویے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایوان میں غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کر رکھا ہے، جس کی وجہ سے قانون سازی اور پارلیمانی امور متاثر ہو رہے ہیں۔

شازیہ مری کے مطابق آج کے اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان نے رولز کا غلط استعمال کیا اور غیر ضروری طور پر متعدد مرتبہ کورم کی نشاندہی کی، جس سے کارروائی مسلسل تعطل کا شکار رہی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کردار حکومت پر تنقید اور متبادل تجاویز دینا ہوتا ہے، لیکن جان بوجھ کر ایوان کی کارروائی کو روکنا جمہوری طرزِ عمل نہیں۔

پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے قانون سازی ناگزیر ہے، جبکہ بار بار کورم کی نشاندہی سے نہ صرف قومی وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ اہم عوامی بل بھی تاخیر کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ کے وقار اور تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

شازیہ مری نے اس بات پر زور دیا کہ اگر سیاسی اختلافات کو پارلیمانی حدود میں رہ کر نہ نمٹایا گیا تو ایوان کا ماحول خراب ہوگا اور اس کا نقصان براہِ راست عوام کو پہنچے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن اور حکومت دونوں قانون سازی کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US