پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں سیاسی سرگرمیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری آج دو روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے، جہاں وہ پارٹی قیادت کو بلدیاتی الیکشن کے لیے واضح روڈمیپ فراہم کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پہلے ہی گزشتہ تین روز سے لاہور میں موجود ہیں اور پارٹی امور سے متعلق بلاول ہاؤس میں مسلسل مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آصف علی زرداری اپنے قیام کے دوران پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی کو حتمی شکل دینے میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔
پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ لاہور میں قیادت کی یہ مشاورتی سرگرمیاں آئندہ بلدیاتی الیکشن میں پنجاب میں پارٹی کی پوزیشن مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ توقع ہے کہ زرداری آج اور کل انتہائی مصروف دن گزاریں گے اور اہم فیصلوں کا اعلان بھی متوقع ہے۔