وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی عظیم کامیابی پوری قوم، افواج پاکستان اور علما کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ علماء کنونشن سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جرات اور مہارت سے اس جنگ کی قیادت کی اور اللہ نے اس جرات کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان سے آنے والا فتنۂ خوارج پاکستانی شہریوں اور جوانوں کو نشانہ بنا رہا ہے، اور شہدا کی قربانیوں کا مذاق اڑانے والے ملک کی عزت مجروح کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور ترقی ایک ساتھ نہیں چل سکتیں، خوشحالی کے سفر کیلیے دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت ڈیفالٹ کے دہانے پر تھی، جسے بچانے کیلیے سیاسی و عسکری قیادت نے مشترکہ طور پر کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب محنت کے ذریعے قرض اتارے گا اور اپنی دولت خود پیدا کرے گا، جادو ٹونے سے نہیں، شبانہ روز محنت سے کامیابی حاصل ہوتی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قومی معاملات پر یکجہتی کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی پر پوری دنیا حیران ہے جبکہ دوست ممالک اس کامیابی کو اپنی فتح قرار دے رہے ہیں۔