وفاقی وزیر داخلہ اور چینی ہم منصب کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چین کی وزارت پبلک سیکیورٹی کے ہیڈ کوارٹر میں چینی وزیر داخلہ وانگ ژاؤ ہونگ سے ملاقات کی، جس کا دورانیہ ساڑھے تین گھنٹے رہا۔ ملاقات میں پاک-چین دوطرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی اور سیکیورٹی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے انسداد دہشت گردی، پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام، اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے مشترکہ ورکنگ گروپ کی ہر تین ماہ بعد میٹنگ اور وزرائے داخلہ کی سطح پر سالانہ ملاقات کے اصول پر بھی رضامندی ظاہر کی۔

چینی وزیر داخلہ نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وہ پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف فوری اور مؤثر ردعمل کے نظام کو مزید مضبوط بنانے، پولیس کی تربیت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنے پر اتفاق کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ چینی شہریوں اور مشترکہ منصوبوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اسلام آباد میں خصوصی پروٹیکشن یونٹ قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سائبر کرائمز کی روک تھام اور نیشنل سائبر کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی کی استعداد کار بڑھانے میں چینی تعاون کو خوش آئند قرار دیا اور انسداد دہشت گردی کے لیے چینی اے آئی بیسڈ ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔

محسن نقوی نے چینی وزیر داخلہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے چینی صدر اور وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔ چینی وزیر داخلہ نے بدلے میں پاکستانی وزیر داخلہ کو ستمبر میں چین میں ہونے والے گلوبل سیکیورٹی تعاون فورم میں شرکت کی دعوت دی۔

اس موقع پر چین کے نائب وزیر داخلہ سو ڈیٹونگ، نائب وزیر یو شیوہو، بیجنگ کے ڈپٹی میئر، پبلک سیکیورٹی بیورو کے ڈی جی کن یونبیاؤ، اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ پاکستان کی جانب سے وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا، چین میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی، ڈی جی نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس، ڈی جی نیشنل سائبر کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی سید خرم علی، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US