پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان براہِ راست فضائی رابطہ بحال، پروازوں کا شیڈول جاری

image

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں بنگلادیش کی قومی ایئرلائن بیمان ایئرلائن نے کراچی کے لیے پروازوں کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کئی برس کے وقفے کے بعد بیمان ایئرلائن کی پہلی براہِ راست پرواز 29 جنوری کو ڈھاکا سے کراچی پہنچے گی۔ ابتدائی مرحلے میں ڈھاکا اور کراچی کے درمیان ہفتہ وار دو پروازیں چلائی جائیں گی۔ اس سے قبل بنگلادیش سے کراچی آنے والی آخری براہِ راست پرواز 2012 میں آپریٹ کی گئی تھی۔

بیمان ایئرلائن نے کراچی کے لیے نشستوں کی بکنگ بھی شروع کر دی ہے۔ ٹریول ایجنٹس کے مطابق بکنگ کھلتے ہی ابتدائی پروازوں کی تمام نشستیں چند ہی گھنٹوں میں فروخت ہو گئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فضائی رابطے کی بحالی پر دونوں ممالک کے عوام میں خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حکومتی ہدایات کی روشنی میں چند روز قبل بیمان ایئرلائن کو کراچی کے لیے براہِ راست پروازوں کی اجازت دی تھی۔ اس کے علاوہ گزشتہ ماہ پی آئی اے اور بیمان ایئرلائن کے درمیان کارگو کی نقل و حمل سے متعلق ایک معاہدہ بھی طے پا چکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US