پنجاب میں 10 روز میں فی من گندم 700 روپے مہنگی، سستا آٹا نایاب

image

لاہور سمیت پنجاب بھر میں گندم کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں صرف 10 روز کے دوران گندم فی من 3700 روپے سے بڑھ کر 4400 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ بعض شہروں میں گندم کے نرخ اس سے بھی تجاوز کرگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں گندم فی من 4800 روپے تک فروخت ہو رہی ہے، جبکہ گوجرانوالہ اور گجرات میں گندم کا ریٹ 4500 روپے فی من ہوگیا ہے۔ ملتان میں گندم 4450 روپے، بہاولپور اور ڈی جی خان میں 4400 روپے جبکہ اسلام آباد میں بھی گندم کی قیمت 4400 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے۔

مہنگائی کے اس طوفان کے باعث لاہور کے متعدد علاقوں میں 10 اور 20 کلو سرکاری نرخوں پر ملنے والا سستا آٹا نایاب ہوگیا ہے، جبکہ 15 کلو آٹے کا تھیلا 1750 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

مرکزی چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گندم کی قلت کے باعث قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوگیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ خوراک کے ڈپٹی ڈائریکٹر (ڈی ڈی فوڈ) نے گندم اور آٹے کی قلت کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بازار میں آٹے کی وافر مقدار موجود ہے، 10 اور 20 کلو کے تھیلے دکانوں پر دستیاب ہیں۔

واضح رہے کہ مہنگی گندم اور آٹے کی عدم دستیابی نے عوام کو شدید تشویش میں مبتلا کردیا ہے، جبکہ شہری فوری حکومتی اقدامات کے منتظر ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US