مظفرآباد کے علاقے چہلہ میں سیکیورٹی اداروں نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق منگل کے روز ہونے والے اس انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور ڈیجیٹل آلات برآمد کیے گئے۔ برآمد ہونے والے سامان میں 7 خودکار ہتھیار، متعدد دستی بم اور دیگر عسکری نوعیت کا سازوسامان شامل ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے قبضے سے موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور دیگر مواصلاتی آلات بھی برآمد ہوئے ہیں، جنہیں فرانزک اور تکنیکی تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران حساس نوعیت کی دستاویزات بھی برآمد کی گئیں، جن میں اہم تنصیبات کے نقشے اور مبینہ حملوں کے منصوبے شامل ہیں۔
ابتدائی تحقیقات سے بعض بیرونی روابط کے شواہد سامنے آئے ہیں، جبکہ سہولت کاروں اور مالی معاونت کے ممکنہ ذرائع کی نشاندہی کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
سیکیورٹی ادارے برآمد شدہ ڈیجیٹل شواہد کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں تاکہ ممکنہ نیٹ ورک اور خطرات کے دائرہ کار کا تعین کیا جاسکے۔
حکام کے مطابق بروقت کارروائی کے باعث حساس تنصیبات اور عوامی سلامتی کو لاحق ممکنہ خطرے کو ناکام بنایا گیا۔ سیکیورٹی اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔