سندھ کا 3,562 ارب روپے کا بجٹ پیش، تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ

image

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مالی سال 2026-27 کا 3 ہزار 562 ارب روپے سے زائد حجم کا صوبائی بجٹ سندھ اسمبلی میں پیش کر دیا، جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافے جبکہ کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار سے بڑھا کر 41 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

بجٹ تقریر میں وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ عوام اور کاروباری طبقے کو ریلیف دینے کے لیے کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔ بجٹ کا تخمینہ شدہ خسارہ 36.9 ارب روپے جبکہ مجموعی آمدنی 3.525 کھرب روپے رکھی گئی ہے۔

بجٹ میں تعلیم کے لیے 620 ارب روپے، صحت کے لیے 393 ارب روپے، بلدیات کے لیے 155 ارب روپے، امن و امان کے لیے 222 ارب روپے اور زراعت کے شعبے کے لیے 41 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 400 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ مجموعی ترقیاتی اخراجات 720 ارب روپے سے زائد ہوں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ اور میونسپل انفراسٹرکچر کے لیے 121.6 ارب روپے، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے لیے 40.9 ارب روپے، ٹرانسپورٹ و مواصلات کے منصوبوں کے لیے 39.5 ارب روپے اور آبپاشی منصوبوں کے لیے 30.9 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

بجٹ میں تھرکول منصوبوں کے لیے 10 ارب روپے، لیاری ترقیاتی پیکج کے لیے 4 ارب روپے، شہید بینظیر آباد ٹراما سینٹر کے لیے 4 ارب روپے، کے ایم سی فائر بریگیڈ کی اپ گریڈیشن کے لیے 3.8 ارب روپے اور ریسکیو 1122 کے لیے 1.7 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ کراچی یلو لائن منصوبے کے لیے 22 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کراچی میں سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر کے قیام اور سندھ گرین ڈیٹا انفراسٹرکچر انیشیٹو کے آغاز کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ 18 ارب روپے کی لاگت سے 2 لاکھ 75 ہزار غریب گھرانوں میں مفت سولر ہوم سسٹمز تقسیم کیے جائیں گے جبکہ متوسط طبقے کے لیے رعایتی سولر فنانسنگ پروگرام بھی متعارف کرایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت نے سوشل پروٹیکشن پیکج کے لیے 13.2 ارب روپے مختص کیے ہیں، جس میں بینظیر ہاری کارڈ، ویمن ایگریکلچر ورکرز پروگرام، کچن گارڈن اسکیم اور بیواؤں و یتیموں کے لیے امدادی منصوبے شامل ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کراچی میں ٹیکنالوجی بیسڈ پولیسنگ کے باعث گاڑیوں کی چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں 67 فیصد جبکہ اسٹریٹ کرائم میں 54 فیصد کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بجٹ عوامی فلاح، معاشی استحکام، سماجی انصاف اور ترقی کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US