وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے انہیں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ بھی مقرر کردیا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہلال امتیاز ملٹری اور ستارہ بسالت کے حامل جنرل عامر رضا کو ان کی اس اہم ترقی اور نئی تقرری پر مبارکباد دی اور آئندہ کی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
عامر رضا جنوری 2025 سے جی ایچ کیو میں چیف آف جنرل اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ اس سے قبل وہ کمانڈر فور کور اور چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا جیسے اہم عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 1988 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا، جبکہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویشن کی اور برطانیہ کی یونیورسٹی آف نوٹنگھم سے بین الاقوامی تعلقات میں ڈگری حاصل کی۔