پیٹرولیم سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اصلاحات جاری ہیں، وفاقی وزیر پیٹرولیم

image

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کراچی میں اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان اسٹیٹ آئل کی قیادت سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں پیٹرولیم سیکٹر میں توانائی کے تحفظ، سرمایہ کاری کے مواقع اور جاری اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

او آئی سی سی آئی کے اجلاس میں صنعتی شعبے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔ وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت ایک مسابقتی، سرمایہ کاری دوست اور ملک کی طویل مدتی توانائی ضروریات سے ہم آہنگ پیٹرولیم سیکٹر تشکیل دے رہی ہے۔

علی پرویز ملک کے مطابق ایکسپلوریشن، ریفائننگ اور ڈاؤن اسٹریم مارکیٹس میں اصلاحات جاری ہیں جبکہ بانڈڈ اسٹوریج اور اسٹریٹجک پیٹرولیم ریزروز توانائی کے تحفظ کے حکومتی اقدامات کا حصہ ہیں۔

او آئی سی سی آئی کی قیادت نے کہا کہ پالیسی اور ٹیکس فریم ورک میں تسلسل، شفافیت اور سکیورٹی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لیے ضروری ہے جبکہ حکومت اور صنعت کے درمیان مسلسل مکالمہ سرمایہ کاری کے فروغ میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

پی ایس او کے اجلاس میں قومی توانائی کے تحفظ، سپلائی چین اور اسٹریٹجک اسٹوریج کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر پیٹرولیم نے ملک میں بلاتعطل ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے پر پی ایس او کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسٹریٹجک اسٹوریج کی استعداد بڑھانے اور سپلائی چین مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

انہوں نے پیٹرولیم سیکٹر میں کارکردگی اور بروقت ردعمل بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز سے بھرپور استفادہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US